پارٹی معطلی ختم نہ کرے تو الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا: راجہ سنگھ

   

دھمکی آمیز کالس پر مرکزی وزارت داخلہ کو مکتوب
نئی بُلٹ پروف کار سے پُرامید
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے کہا کہ اگر پارٹی ان کی معطلی برخواست نہیں کرے گی تو وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ کسی اور پارٹی یا پھر آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی قیادت کی جانب سے معطلی کی برخاستگی کا انہیں پورا یقین ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ پارٹی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے ان کیلئے سری رام رکھشا ( ڈھال ) کی طرح ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بنڈی سنجے معطلی کی برخواستگی معاملہ کو ہائی کمان سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ان کے رویہ اور حرکتوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی مخالفت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور وہ دھرم کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز ٹیلی فون کالجس کے سلسلہ میں وہ مرکزی وزارت داخلہ کو مکتوب روانہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز کال کے بارے میں ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے نمائندگی بے فیض ثابت ہوئی۔ انٹلی جنس کی جانب سے چوکسی کے بعد انہوں نے اپنی بُلٹ پروف گاڑی تبدیل کردی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی بُلٹ پروف گاڑی بہتر طور پر کام کرے گی۔ واضح رہے کہ سابق میں دی گئی بُلٹ پروف گاڑی میں متواتر خامیوں کے بعد راجہ سنگھ نے گاڑی کو واپس کردیا تھا۔ انہوں نے اپنی پرانی گاڑی پرگتی بھون کے پاس چھوڑ دی اور واپس ہوگئے تھے۔ حکومت نے 2017 ماڈل کی فارچونر گاڑی فراہم کی ہے جو بُلٹ پروف ہے۔ر