مجھے لڑائی آتی ہے دھوکہ دینا نہیں آتا، پارٹی کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) وزیر صحت ای راجندر نے پارٹی میں ان کی بعض گوشوں سے کی جارہی مخالفت پر ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے آج اپنے حلقہ انتخاب حضورآباد میں ٹی آر ایس کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کی اور پارٹی کے اندرونی حالات پر کھل کر تبصرہ کیا۔ راجندر نے کہا کہ پارٹی میں ان کے خلاف جاری سرگرمیوں پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ مجھے لڑائی ضرور آتی ہے لیکن دھوکا دینا نہیں آتا۔ کروڑہا روپئے خرچ کیوں نہ ہوجائیں وہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔ راجندر نے یہ کہتے ہوئے کارکنوں کو حیرت میں ڈال دیا کہ جن پر بھروسہ کیا جائے اگر وہی دھوکہ دیں تو زیادہ تکلیف پہنچتی ہے۔ میں نے عوام سے خدمت کا وعدہ پورا کیا تھا اسی لیے انتخابات میں مجھے دوبارہ کامیابی حاصل ہوئی۔ اگر عوام بھی اپنا فرض بھلادیتے تو وہ مجھے کامیاب نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بھروسے کا قتل کرنے والے کبھی بھی خوش نہیں رہ سکتے۔ واضح رہے کہ حضورآباد اسمبلی حلقے میں ٹی آر ایس پارٹی میں گروہ بندیاں عروج پر ہیں جس سے راجندر سخت ناراض ہیں۔ حلقے میں یہ اطلاعات گشت کررہی ہیں کہ پارٹی کے ایک گوشے نے راجندر کو شکست دینے کے لیے کام کیا تھا۔ راجندر نے دکھ کا اظہار کیا کہ بعض افراد نے پارٹی میں رہتے ہوئے دھوکہ دہی کی سیاست پر عمل کیا اور ان کی شکست کے لیے کام کیا۔ سابق میں راجندر نے خود کو ٹی آر ایس کے مالکین میں شمار کیا تھا جس کے بعد سے حضورآباد میں ان کے خلاف سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔