وی ہنمنت راؤ کا ریمارک، وقار آباد کلکٹریٹ پر کسانوں کا دھرنا
حیدرآباد۔3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وقار آباد کلکٹریٹ کے روبرو کانگریس پارٹی کی جانب سے کسانوں کے مسائل پر دھرنا منظم کیا گیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، سابق وزیر جی پرساد کمار ، نائب صدر پردیش کانگریس رمیش مہاراج ، سابق رکن اسمبلی اور ضلع کانگریس صدر ٹی رام موہن ریڈی اور سابق رکن کونسل راملو نائک کی قیادت میں سینکڑوں کسانوں نے دھرنا منظم کرتے ہوئے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی مانگ کی ۔ کسانوں کی جانب سے ضلع کلکٹر کو یادداشت پیش کی گئی جس میں دھان کی خریدی اور فصلوں کو اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات پر عمل آوری کی مانگ کی گئی ۔ کسانوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دھان کی خریدی کے مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی شناخت قائدین کے درمیان رسہ کشی کے طور پر ہوچکی ہے لیکن وہ ریاست میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے کیلئے ریونت ریڈی کی قیادت میں کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناراض قائدین نے ہائی کمان کے فیصلہ کو تسلیم کرتے ہوئے ریونت ریڈی کی قیادت کو قبول کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اختلافات کے بجائے متحد ہوکر ٹی آر ایس سے مقابلہ کرنے کا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی۔ انہوں نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ ضلع کے وزیر کی حیثیت سے کسانوں کے مسائل کا حل تلاش کریں۔ عوام نے آپ کو ووٹ دے کر منتخب کیا ہے ۔ آپ کی ذمہ داری ہے کہ کسانوں دھان کی خریدی اور دیگر مسائل سے نجات دلائیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی و ریاستی حکومتیں کسانوں سے کھلواڑ کر رہی ہیں۔ ر