رکنیت سازی پر توجہ دی جائے، کانگریس کا دو روزہ ٹریننگ کیمپ، ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی اصل طاقت اس کے کارکن ہیں اور قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو ڈسپلن کے ساتھ دیہاتوں کی سطح تک تنظیم کو مستحکم کرنے کیلئے متحرک ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ کانگریس کی ڈیجیٹل رکنیت سازی کا تلنگانہ میں آغاز ہوا ہے۔ ہر پولنگ بوتھ کیلئے رکنیت سازی انچارجس کا تقرر کرتے ہوئے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو زیادہ سے زیادہ رکنیت سازی کو یقینی بنانا چاہیئے۔ ریونت ریڈی آج شہر کے مضافاتی علاقہ کومپلی میں کانگریس کے ضلع اور منڈل سطح کے قائدین کیلئے منعقدہ دو روزہ ٹریننگ کیمپ سے خطاب کررہے تھے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا ، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر، سابق صدور پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، مدھو یاشکی گوڑ، دامودر راج نرسمہا، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹس اور نائب صدور نے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر گلی میں کانگریس کارکن محنت سے کام کریں تو دہلی میں سونیا اماں راجیم کا قیام یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی ریاست کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مدد کرنے کے بجائے تلنگانہ حکومت دھان کی فصل اُگانے پر پھانسی جیسی شرمناک باتیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ کسانوں کے ساتھ رہے گی اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے جذبات اور احساسات سے واقفیت کیلئے ٹریننگ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے والے کارکنوں کو وہ اپنے دل میں جگہ دیں گے اور انہیں مناسب مقام دیا جائے گا۔ سونیا اماں راجیم کے قیام کے لئے محنت کرنے والوں کو الیکشن میں ٹکٹ دلانا میری ذمہ داری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تلی کو چیف منسٹر کے سی آر نے فارم ہاوز میں قید کردیا ہے۔ کے سی آر خاندان سے تلنگانہ کے تحفظ کی ضرورت ہے اور کانگریس کارکن یہ ذمہ داری نبھاسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی میں عہدوں پر رہتے ہوئے انحراف کرنے والے قائدین کو عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محنت سے رکنیت سازی مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں کو راہول گاندھی کے ہاتھوں تہنیت پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قائدین جنہوں نے رکنیت سازی پر توجہ نہیں دی ان کے خلاف 26 جنوری کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 18 ماہ اہمیت کے حامل ہیں اور ہمیں تلنگانہ اور مرکز میں کانگریس حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد کرنی چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی ملی بھگت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ دو روزہ ٹریننگ کیمپ کے دوران پارٹی سینئر قائدین اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین مندوبین سے خطاب کریں گے۔ر