ترقیاتی پراجکٹس کے ساتھ پرگتی بھون آنے ارکان کو کے سی آر کی ترغیب
حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ان کے نئے سال کے عزم میں پارٹی کے ارکان اسمبلی کے لیے پرگتی بھون میں خود کو دستیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ دوباک ضمنی چناؤ اور جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے چیف منسٹر پر تنقید کی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ وہ خود ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی کے لیے بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے ہیں ۔ پارٹی کے ایم ایل ایز بھی چیف منسٹر کے اپوائنٹـمنٹ میں ہونے والی تاخیر کو محسوس کررہے ہیں ۔ اس کے نتیجہ میں ان کے حلقوں کے کئی مسائل التواء کے شکار ہورہے ہیں جس کی وجہ عوام میں ناراضگی پیدا ہورہی ہے ۔ اس لیے کے سی آر نے اب یہ فیصلہ کیا کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی پرگتی بھون میں آسکتے ہیں اور عوامی نمائندے ان کے حلقوں کے مسائل کے سلسلہ میں چیف منسٹر سے بات چیت کرسکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کے حلقوں میں ترقیاتی پراجکٹس کے ساتھ آئیں اور انہیں چیف منسٹر کو پیش کریں ۔ زیر التواء کاموں اور اسپیشل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فنڈس کی اجرائی اور کانسٹیٹیونسی ڈیولپمنٹ اسکیمس پر بھی توجہ دی جائے گی ۔ اس سے چندر شیکھر راؤ کو ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی کی کارکردگی سے واقف ہونے اور ہر حلقہ اسمبلی میں خاص کر دیہی اسمبلی حلقوں میں ہورہی ترقی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں بھی مدد ہوگی ۔ ایک ذرائع نے کہا کہ کے سی آر ان حلقہ جات اسمبلی میں ہورہی ترقی سے واقف ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں جو انتخابات ہونے والے نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم اور حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر گریجویٹس حلقوں کے دائرہ میں آتے ہیں ۔۔
