محمد علی شبیر نے 10 لاکھ روپئے کا چیک پی سی سی صدر کے حوالے کیا
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کاماریڈی ضلع میں پارٹی کی رکنیت سازی ریکارڈ تعداد میں کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ سابق وزیر اور پولٹیکل افیرس کمیٹی کے صدرنشین محمد علی شبیر نے ضلع میں رکنیت سازی سے موصولہ 10 لاکھ روپئے کا چیک ریونت ریڈی کے حوالہ کئے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی قائدین اور کارکنوں نے رکنیت سازی مہم میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ ہر پولنگ بوتھ کے لئے 100 کارکنوں کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا لیکن ہر بوتھ پر نشانہ سے زیادہ رکنیت سازی کی گئی۔ ریونت ریڈی نے ضلع کے قائدین اور کارکنوں کی ستائش کی اور کہاکہ تلنگانہ میں گزشتہ 8 برسوں کے دوران کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے عوام مایوس ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ریاست بھر میں 30 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ ابتداء میں مقرر کیا گیا تھا لیکن 35 لاکھ تک رکنیت سازی مکمل ہوچکی ہے۔ جاریہ ماہ کے اختتام تک 50 لاکھ رکنیت سازی کا منصوبہ ہے۔ رکنیت سازی کی صورت میں ہر شخص کو 2 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے پارٹی کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی کہ وہ رکنیت سازی پر توجہ دیں کیوں کہ کسی بھی پارٹی کا استحکام رکنیت سازی پر منحصر ہے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ کاماریڈی ضلع میں رکنیت سازی کا عمل جاریہ ماہ بھی جاری رہے گا۔ ر