پارٹی کے بنیادی سطح پر استحکام میں کارکنوں کا اہم رول: مہیش کمار گوڑ

   

دورۂ اضلاع کی منصوبہ بندی، بھونگیر میں ضلع کانگریس کمیٹی کی حلف برداری

حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے 14 اضلاع کے ضلع کانگریس کمیٹیوں کے اعلان کے بعد پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے دورۂ اضلاع کا منصوبہ بنایا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نئی ضلعی کمیٹیوں کے حلف برداری کے موقع پر موجود رہیں گے۔ انہوں نے آج بھونگیر ضلع میں ضلع کانگریس کمیٹی کے حلف برداری اجلاس میں شرکت کی اور قائدین کو پارٹی کے استحکام کے علاوہ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کا مشورہ دیا۔ صدر ضلع کانگریس رکن اسمبلی بی ایلیا نے اجلاس کی صدارت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں کو حلف دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کو بنیادی سطح پر کانگریس کے استحکام کی مساعی کرنی چاہئے۔ تقریب میں ارکان اسمبلی انیل کمار، ایس سامیول، رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی، کارپوریشن کی صدر نشین شوبھا رانی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورۂ اضلاع کا بھونگیر سے آغاز کیا ہے۔ چہارشنبہ کو میدک ضلع کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوامی پارٹی ہیں اور تمام طبقات کی یکساں طور پر ترقی کے لئے اقدامات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں کانگریس پارٹی کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیر قیادت نریندر مودی حکومت مخالف عوام پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ ملک میں فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ اقتدار پر برقراری کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی حکومت کے خلاف مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے ناکامیوں کو بے نقاب کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ ایک معمولی کارکن سے صدر پردیش کانگریس کے عہدہ تک پہنچے ہیں اور پارٹی میں محنت کرنے والوں کے لئے مواقع موجود ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے دو برسوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی اسکیمات کو متعارف کیا ہے۔ نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے 65 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو عوام تائید حاصل ہوئی ہے۔ 1