پاریکر کو اپنی صحت کی خاطر سبکدوش ہوجانا چاہئے: گوا آر ایس ایس لیڈر

   

پاناجی۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے سابق صدر آر ایس ایس سبھاش ویلنکر نے چہارشنبہ کو بیان دیا ہے کہ پاریکر کو پہلے اپنی صحت پر توجہ دینا چاہئے اور اعلی عہدہ سے فوری طور پر سبکدوش ہوجانا چاہئے۔ ویلنکر کبھی پاریکر کے ساتھی سمجھے جاتے تھے لیکن گوا حکومت کی جانب سے انگریزی میڈیم مدارس کو گرانٹ ان ایڈ کے منظور کرنے کے بعد ناراض ہوکر اپنی خود کی سیاسی پارٹی گواسرکشا منچ قائج کرلی تھی۔ 70 سالہ ویلنکر نے کہا کہ وہ اگر پاریکر کی جگہ ہوتے تو کبھی کے سیاست سے کنارہ کش ہوجاتے کیوں کہ ان کے لیے صحت پہلی ترجیح ہے۔ 63 سالہ پاریکر لبلبہ کے مرض سے دوچار ہیں اور علاج جاری ہے، وہ گزشتہ سال دہلی، ممبئی اور امریکہ میں بھی اپنا علاج کرواچکے ہیں۔ ویلنکر نے کہا کہ پاریکر بہت ہی اچھے اور حرکیاتی قائد ہیں اور فیصلے جلدی میں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن 2012ء کے بعد سے کئی خامیاں سرزد ہوتی رہی ہیں اور درحقیقت گوا کی عوام ان کو ملک کا وزیراعظم بنانا چاہتی تھیں۔ وہ پہلے ہی ان کو مشورہ دے چکے ہیں کہ ریاست گوا ان کے لیے ایک چھوٹا سا مقام ہے۔