پاسداران انقلاب کا امریکی ’ڈرون‘ گرانے کا دعویٰ، امریکہ کی تصدیق

   

Ferty9 Clinic

تہران ؍ واشنگٹن ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی جانب سے خلیج میں ایک امریکی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے جس کے بعد خطے میں جاری کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے پاسدران انقلاب کی ویب سائٹ ‘سپاہ نیوز’ کا حوالہ دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جاسوسی پر مامور ایک امریکی ڈرون کو جنوبی ایران کے علاقے ‘ہرمزگان’ میں گرایا گیا ہے۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے بھی ان اطلاعات کو درست قرار دیا ہے، جس کے مطابق آر کیو 4، گلوبل ہاک نامی ڈرون کو گرایا گیا ہے۔حکام کے مطابق گرایا جانے والا ڈرون 24 گھنٹے سے بھی زائد مسلسل پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ زمین سے دس میل کی بلندی پر بھی پرواز کر سکتا ہے۔دوسری طرف امریکہ نے تصدیق کر دی ہے کہ ایران نے اس کا ایک فوجی ڈرون مار گرایا ہے۔امریکی حکام نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ان کے ایک فوجی ڈرون کو آبنائے ہرمز کے اوپر بین الاقوامی فضائی حدود میں زمین سے فضا میں داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ گرایا جانے والا ڈرون یو ایس نیوی ایم کیو 4 سی ٹریٹون تھا۔اس سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک امریکی جاسوس ڈرون کو مار گرایا ہے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کی افواج نے ایران کے جنوبی صوبہ ہرمزگان میں کوہِ مبارک کے نزدیک آر کیو 4 گلوبل ہاک ڈرون کو نشانہ بنایا۔کوہِ مبارک، جہاں ایران کے مطابق اس نے جمعرات کو ڈرون مار گرایا، آبنائے ہرمز کے نزدیک ہے جو کہ تیل کی بین الاقوامی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔