پاسنجر ٹرینس کا جلد ہی دوبارہ آغاز ہوگا

   

حیدرآباد :۔ ایکسپریس ٹرینس اور ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم ( ایم ایم ٹی ایس ) سروسیس کا دوبارہ آغاز کرنے کے بعد اب محکمہ ریلویز کی جانب سے جلد ہی پاسنجر ٹرینس کو پھر شروع کرنے پر توجہ دی جارہی ہے ، جو لوگوں کو نسبتاً سستے کرایہ پر سفر کی سہولت فراہم کرتی ہیں ۔ یہ ٹرینس دیہی علاقوں میں رہنے والے ان لوگوں کے لیے بڑی مددگار ثابت ہوتی ہیں جو صبح میں حیدرآباد جاتے ہیں اور شام یا رات تک اپنے گھروں کو واپس ہوتے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن سے پہلے کم از کم 100 پاسنجر ٹرینس چلا کرتی تھیں ۔ تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگ ریلویز کی جانب سے ان سروسیس کو پھر شروع کئے جانے کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں جس سے لاکھوں لوگوں کے لیے فائدہ ہوتا ہے ۔ پش ۔ پل ٹرینس ، ڈیزل الیکٹرک ملٹی پل یونٹس (DEMUs) ، مین الیکٹرک ملٹی پل یونٹ (MEMUs) ، پاسنجر ٹرین سروسیس میڑچل ، منوہر آباد ، عمدہ نگر ، ورنگل ، قاضی پیٹ ، ہنمکنڈہ ، تانڈور ، وقار آباد ، محبوب نگر ، کرنول ، نظام آباد ، منوگورو اور تلنگانہ کے دیگر چند مقامات سے چلائی جاتی ہیں ۔ یہ سروسیس جاب یا کاروبار کے لیے دیہی علاقوں سے شہر جانے والوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے چلائی جاتی ہیں ۔ ان ٹرینس سے روزانہ کم از کم 2 لاکھ لوگ سفر کرتے ہیں ۔ یہ ٹرین سروسیس کوویڈ کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ گذشتہ سال 23 مارچ سے معطل ہیں ۔ ٹرین سروسیس کی معطلی سے ماہانہ پاسیس ( 100 روپئے ) پر حیدرآباد جانے والے لوگ بہت متاثر ہوئے اور اس کی وجہ وہ ان کی روزی سے محروم ہوگئے ۔ گذشتہ سال لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد ان ریزروڈ ٹکٹس کی اجرائی معطل کردی گئی تھی ۔ چونکہ پاسنجر ٹرینس معطل رہیں ۔ اس لیے ان ریز روڈ ٹکٹس کی اہمیت ختم ہوگئی ۔ ایم ایم ٹی ایس کی بحالی کے ساتھ ریلویز نے جنرل ٹکٹس جاری کرنا شروع کیا ۔ یہ ٹکٹس تمام ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنس پر فروخت کئے جارہے ہیں ۔ آٹو میٹک ٹکٹ وینڈنگ مشینس ، یو ٹی ایس موبائل اپلی کیشن جنرل ٹکٹس فروخت کرتے ہیں ۔ فی الوقت یہ سہولت صرف ایم ایم ٹی ایس کیلئے شروع کی گئی ہے ۔ بہت جلد جنرل ٹکٹس وینڈنگ مشینس اور یو ٹی ایس موبائل اپلی کیشن کے ذریعہ فروخت کئے جائیں گے ۔۔