پٹنہ ، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اور سربراہ لوک جن شکتی پارٹی رام ولاس پاسوان کو آج بہار سے راجیہ سبھا کیلئے بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔ ریٹرننگ آفیسر اور سکریٹری بہار قانون ساز اسمبلی بتیشور ناتھ پانڈے نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ پاسوان کو منتخب قرار دیتے ہوئے انھیں سرٹفکیٹ حوالے کیا گیا ہے۔ یہ سند انھیں کئی سینئر این ڈی اے قائدین بشمول ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی کی موجودگی میں دی گئی۔ لوک جن شکتی پارٹی لیڈر کا ایوان بالا کیلئے انتخاب ضمنی چناؤ میں ہوا ہے جس کی ضرورت اُن کے کابینی رفیق روی شنکر پرساد کے استعفے کے سبب پیدا ہوئی، جو عام انتخابات میں پٹنہ صاحب نشست سے لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ پاسوان کو راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا گیا۔ وہ 2010ء میں اُس وقت کی حلیف آر جے ڈی کی حمایت سے ایوان بالا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ انھوں نے 1960ء کے دہے میں سنیوکت سوشلسٹ پارٹی ایم ایل اے کی حیثیت سے اپنا سیاسی کریئر شروع کیا تھا۔
