نئی دہلی : مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے دیہانت پر کانگریس قائد راہول گاندھی نے اپنے انتہائی دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رام ولاس پاسوان جو ایک انتہائی سینئر اور تجربہ کار قائد تھے۔ اُنھوں نے نہ صرف بہار بلکہ ملک کی سیاست میں انمٹ نقوش چھوڑے۔ اپنے ایک مکتوب میں راہول گاندھی نے کہاکہ پاسوان جی نے جو عوامی خدمات کی ہیں اُنھیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے پاسوان کے فرزند چراغ پاسوان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ ڈیئر چراغ ، مجھے آپ کے پتاجی کے دیہانت کا بہت دُکھ ہے جو اچانک چل بسے۔ ہم نے ایک انتہائی مدبر اور تجربہ کار سیاست داں کھودیا جنھوں نے نہ صرف ریاست بہار بلکہ ملک کی سیاست میں بھی اپنی گہری چھاپ چھوڑی۔ یاد رہے پاسوان کا 74 سال کی عمر میں نئی دہلی میں انتقال ہوگیا۔ 4 اکٹوبر کو اُن کے قلب کا آپریشن کیا گیا تھا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ رام ولاس نے ہمیشہ سماج کے پچھڑے اور محروم طبقہ کی آواز بننا پسند کیا۔ سماجی انصاف اور مساوات کے شعبوں میں اُنھوں نے جو کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں اُن کی آج بھی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی پہلے تھی۔ عوامی خدمات کا جب بھی ذکر آئے گا تو نوجوان نسل اُن کے نقش قدم پر چلنا پسند کرے گی۔ یو پی اے کی حکومت کے دوران سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی کابینہ میں رام ولاس پاسوان 2004 ء تا 2009 ء وزیر برائے کمیکلز و فرٹیلائزر رہے۔ بہار میں پاسوان حاجی پور حلقہ انتخاب کی نمائندگی کرتے تھے۔
کابینہ کا اظہار تعزیت
نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے صارفین امور، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے انتقال پررنج اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔کابینہ نے آج یہاں آنجہانی لیڈر کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ سرکاری اعزاز کے ساتھ آنجہانی لیڈر کی آخری رسومات ادا کرنے کی تجویز کو بھی منظور کیا گیا۔ کابینہ نے مندرجہ ذیل قرار داد بھی منظور کیں۔‘‘کابینہ صارفین امور، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کے مرکزی وزیر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے ۔ ان کی موت سے قوم نے ایک ممتاز لیڈر، ممتاز رکن پارلیمنٹ اور اہل منتظم کھو دیا ہے ۔