حیدرآباد 30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) آدھار کارڈ کو اب پاسپورٹ کے حصول میں تاریخ پیدائش کے ثبوت کے طور پر قبول نہیں کیا جارہا ہے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ پاسپورٹ درخواستوں کے ساتھ اب عوام کو تاریخ پیدائش کے ثبوت کے طور پر پیان کارڈ ‘ برتھ سرٹیفیکٹ یا ایس ایس سی کا مارکس میمو داخل کرنا ہوگا ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ہدایات پہلے ہی جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو درخواست گذاروں کو چاہئے کہ وہ اپنے ناموں کے اسپیلنگ بھی درست درج کریں اور دوسرے جو دستاویزات پیش کئے جا رہے ہیں ان کی مطابقت میں رکھیں۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ عوام کیلئے پاسپورٹ درخواست داخل کرنا بہت سہل عمل ہے اور ویب سائیٹ پر اس کی تفصیلی صراحت بھی موجود ہے ۔ اس کے علاوہ ریجنل پاسپورٹ آفس کی جانب سے عوام میں شعور بیداری پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے ۔