پاسپورٹ درخواستوں کی یکسوئی کیلئے دو ہفتوں تک 500 اضافی اپواینٹمنٹس کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔/25اپریل، ( سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے بتایا کہ 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر 5 پاسپورٹ سیوا کیندر اور 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر بند رہے۔ تعطیل کے سبب درخواست گذاروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا لہذا اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے دو ہفتوں تک روزانہ 500 اضافی اپوینٹمنٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں تتکال، نارمل اور پی سی سی زمرہ جات شامل ہیں۔ 27 اپریل سے اس کا آغاز ہوگا اور روزانہ 500 اضافی اپواینٹمنٹس دیئے جائیں گے۔ 25 اپریل کی شام سے پاسپورٹ سیوا ویب سائیٹ پر 27 اپریل کے اپواینٹمنٹس دستیاب رہیں گے۔ ایسے درخواست گذار جنہوں نے پہلے رجسٹرڈ کرایا ہو یا اب رجسٹرکرارہے ہیں انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ ویب سائیٹ www.passportindia.gov.in یا پاسپورٹ سیوا ایپ کے ذریعہ اس سہولت سے استفادہ کریں اور اپنے طئے شدہ سلاٹ کے مطابق پاسپورٹ سیوا کیندر یا پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر سے رجوع ہوں۔ درخواست گذاروں کیلئے اپواینٹمنٹ لازمی رہے گا اور واک اِن درخواستوں کی گنجائش نہیں رہے گی۔ درخواست گذاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ درمیانی افراد، بروکرس سے پاسپورٹ خدمات کے سلسلہ میں رجوع نہ ہوں۔ر