پاسپورٹ درخواست گذار کو ڈیجی لاکر کے استعمال کی سہولت

   


حیدرآباد : ریجنل پاسپورٹ آفس ، حیدرآباد کے مطابق اب نئے پاسپورٹ درخواست گذار ڈیجی لاکر اکاؤنٹ کے ذریعہ آدھار کارڈس ، ڈرائیونگ لائیسنس ، ووٹر آئی ڈی کارڈس کیری کرسکتے ہیں اور انہیں یہ دستاویزات اپوائینٹمنٹ کے دن پاسپورٹ آفس لے جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ موجودہ سسٹم میں ، درخواست گذاروں کو اصل دستاویزات کو سیلف اٹیسٹیڈکاپیز کے ساتھ لانا پڑتا تھا جن کی نامزد پاسپورٹ سیوا کیندراس میں پاسپورٹ عہدیداروں کی جانب سے فزیکلی تصدیق کی جاتی تھی ۔ اب وزارت خارجہ اُمور نے پاسپورٹ درخواست گذاروں کیلئے یہ سہولت فراہم کی ہے اور ڈیجی لاکر میں اسٹورڈ دستاویزات کو پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال کے وقت قبول کیا جاتا ہے ۔ پی آر او ریلیز میں یہ کہا گیا ۔ یہ ڈیجیٹل دستاویزات انڈین آئی ٹی ایکٹ 2000 کے تحت قانونی طورپر درست دستاویز ہوتے ہیں ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ، حیدرآباد داسری بالیا کے مطابق ’’درخواست گذار درخواست داخل کرنے سے قبل ڈیجی لاکر پر ایک اکاؤنٹ کا اندراج کرسکتے ہیں ۔ اگر ان کے پاس یہ پہلے سے نہ ہو تو ۔ اب پاسپورٹ درخواست داخل کرتے وقت ایک بٹن ‘Fetch From Digilocker’ ڈسپلے کیا جائے گا جس کے ذریعہ منتخب دستاویزات ڈیجی لاکر کے ذریعہ شیر کئے جاسکتے ہیں ‘‘ ۔ انھوں نے کہا کہ ’’ڈیجی لاکر اب دستاویزات کو قبول کررہا ہے بشمول آدھار کارڈ ، پیان کارڈ ، ڈرائیونگ لائیسنس اور نئے جاری کئے گئے ایس ایس سی سرٹیفکیٹ اس نئے سسٹم کا دوہرا فائدہ ہوگا ۔ درخواست گذاروں کو دستاویزات اپنے ساتھ لے جانا نہیں ہوگا اور دستاویزات کی تصدیق کے لئے درکار وقت کم ہوگا ‘‘ ۔