پاسپورٹ پولیس ویری فیکیشن میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست

   

حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کی تزئین و آرائش کے آن لائن افتتاحی تقریب سے محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مرکزی حکومت کی جانب سے گذشتہ چار سال سے پاسپورٹ پولیس ویری فیکیشن کے لیے ریاست تلنگانہ Fast Veri کا ایوارڈ حاصل ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی پولیس اپنے فرائض انجام دینے کے معاملے میں کافی چست ہے ۔ حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کی تزئین و آرائش کے آن لائن افتتاح کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا ۔ محمد محمود علی نے اپنی آن لائن تقریر میں کہا کہ تلنگانہ ریاست میں محکمہ پولیس نے پاسپورٹ ویری فیکیشن کے لیے آن لائن طریقے کو اپنایا ہے ۔ جس کی وجہ سے بہت ہی کم وقت میں پولیس ویری فیکیشن رپورٹ پاسپورٹ آفس کو روانہ کی جاتی ہے جس کی بنیاد پر پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کو بہت ہی اہم ڈاکومنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نا صرف بیرونی ممالک میں سفر کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ پاسپورٹ رکھنے والے لاکھوں افراد دنیا کے مختلف ممالک میں روزگار حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کو اپنی کمائی روانہ کررہے ہیں جس سے ملک کی معیشت مستحکم ہورہی ہے ۔ وزیر نے پاسپورٹ کی اجرائی کو آسان بنانے کے لیے سابق وزیراعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے رول کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پاسپورٹ آفسوں کے اطراف و اکناف سڑکیں تعمیر کرتے ہوئے صفائی کے ساتھ عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں اہم رول ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ہندوستان میں تلنگانہ کو پاسپورٹ ویری فیکیشن کے معاملے میں سرفہرست مقام حاصل ہے ۔ وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کے تزئین و آرائش کے بعد یقینا عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم ہوں گی اس آن لائن تقریب میں مرکزی وزراء وی مرلی دھرن ، جی کشن ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی رکن اسمبلی جی سائنا کے علاوہ ریجنل پاسپورٹ آفس کے عہدیدار بھی شریک تھے ۔۔