پاسپورٹ کی اجرائی کی مدت میں کمی، گزشتہ سال 9 لاکھ درخواستوں کی یکسوئی

   

پانچ پاسپورٹ سیوا کیندر اور 14 پوسٹ آفس مراکز میں عاجلانہ خدمات، کئی اضلاع میں دوسرے دن اپائنٹمنٹ ، جمعرات کو واک ان سرویس، ریجنل پاسپورٹ آفیسر سنیہجا کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔3۔جنوری (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد نے سال 2024 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاسپورٹ کے اپائنٹمنٹ کی مدت میں کمی کرتے ہوئے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کو یقینی بنایا ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کے تحت 5 پاسپورٹ سیوا کیندر اور 14 پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کام کر رہے ہیں جو روزانہ تقریباً 4200 درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہیں۔ سال 2024 میں ریجنل پاسپورٹ آفس کے تمام مراکز میں 9.02 لاکھ درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ۔ پاسپورٹ کی اجرائی ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکٹس اور دیگر خدمات میں بہتری ہوئی ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر شریمتی جے سنیہجا جو وزارت خارجہ کی برانچ کی سربراہ بھی ہیں، آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سال 2024 کی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں پاسپورٹ سیوا کیندر میں اپائنٹمنٹ کی مدت کو 22 دن تک کم کیا گیا تھا جبکہ 2024 میں اپائنٹمنٹ کی مدت 6 تا 8 دن کی گئی ہے۔ تتکال اپائنٹمنٹ اندرون 5 یوم دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر میں اپائنٹمنٹ اندرون ایک ہفتہ دستیاب ہے۔ پاسپورٹ خدمات کے لئے اپائنٹمنٹ کی مدت میں کمی ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔ شریمتی سنیہجا نے بتایا کہ 2023 کے مقابلہ پاسپورٹ خدمات میں مزید بہتری ہوئی ہے۔ پاسپورٹ خدمات کیلئے محض 6 تا 8 دنوں میں اپائنٹمنٹ کی تاریخ دی جارہی ہے۔ نظام آباد میں واقع پاسپورٹ سیوا کیندر میں نارمل اپائنٹمنٹ دوسرے دن دستیاب ہے جبکہ حیدرآباد میں واقع مراکز میں 6 تا 8 دن میں پاسپورٹ اپائنٹمنٹ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تتکال اپائنٹمنٹ اندرون 5 یوم دستیاب ہے جبکہ نظام آباد اور کریم نگر پاسپورٹ سیوا کیندر میں دوسرے دن اپائنٹمنٹ دیا جارہا ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر کے بموجب پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندروں میں نارمل اپائنٹمنٹ اندرون ایک ہفتہ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپائنٹمنٹ کی تاریخ کو گھٹاکر 5 دن کرنے کی مساعی جاری ہے۔ تتکال پاسپورٹ اندرون 3 یوم جبکہ نارمل پاسپورٹ 5 تا 7 دن میں جاری کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ اور تلنگانہ پولیس کے تعاون سے پاسپورٹ خدمات میں بہتری ممکن ہوسکی۔ شریمتی سنیہجا نے بتایا کہ پاسپورٹ خدمات میں بہتری اور شفافیت کے نتیجہ میں ایجنٹس اور بروکرس کے رول میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مراکز پر اپائنٹمنٹ کی درخواستوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ورنگل ، کھمم ، وقار آباد ، میڑچل ، محبوب نگر اور نلگنڈہ کے پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کی خدمات میں توسیع کی گئی۔ ورنگل پوسٹ آفس سیوا کیندر میں روزانہ 130 درخواستوں کی یکسوئی کی جارہی ہے جبکہ 5 دیگر پوسٹ آفس کیندر میں روزانہ 90 درخواستوں کی یکسوئی کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کے دن درخواست گزاروں کیلئے اپائنٹمنٹ کے بغیر واک ان سہولت فراہم کی گئی ہے اور گزشتہ سال 30,000 سے زائد درخواستوں کی یکسوئی کی گئی۔