پاش علاقوں میں اراضی ہڑپنے کی کوشش

   

تلبیس شخصی کے ذریعہ فرضی دستاویزات کی تیاری ، ملزم گرفتار
حیدرآباد : 13 اگست (سیاست نیوز) فرضی دستاویزات کے ذریعہ جوبلی ہلز جیسے پاش علاقہ میں اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر اویناش موہنتی کے مطابق مصطفیٰ کمال صدیقی ساکن ٹولی چوکی دیگر افراد کے ساتھ ملکر جوبلی ہلز ہاؤز بلڈنگ کوآپریٹیو سوسائیٹی لمیٹیڈ کی 1431 مربع گز اراضی کے فرضی دستاویزات تیار کئے ۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال صدیقی نے اس سلسلہ میں ایک حلف نامہ بھی تیار کیا اور جوبلی ہلز کے پلاٹ نمبر 473-K-III اور 473-L-III پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ۔ مصطفی کمال صدیقی جملہ 8 مقدمات میں ملوث ہے جس میں سی سی ایس کے 3 ، حیدرآباد سٹی بشمول بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے 3 ، پہاڑی شریف کا ایک اور کندوکور پولیس اسٹیشن کا ایک مقدمہ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال صدیقی نے مذکورہ اراضی ہڑپنے کی غرض سے تلبیس شخصی کے ذریعہ دستاویزات تیار کئے ۔ سی سی ایس پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ جبکہ اس کیس میں ملوث احمد درمانی اور حنیف علی خان ہنوز مفرور ہیں ۔