پالاکرتی اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت

   

مہیش کمار گوڑ نے گاندھی بھون میں استقبال کیا، بی آر ایس کو بھاری جھٹکا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ورنگل ضلع کے پالاکرتی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے اہم قائدین نے آج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ورنگل میں 27 اپریل کو بی آر ایس کی یوم تاسیس تقاریب سے عین قبل پالاکرتی اسمبلی حلقہ کے قائدین کی کانگریس میں شمولیت سے بی آر ایس کو دھکا لگا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے گاندھی بھون میں بی آر ایس قائدین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پالا کرتی کی رکن اسمبلی ایم یشسنوی ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ رکن اسمبلی کی قیادت میں حلقہ میں ترقیاتی اور فلاحی کام سے متاثر ہوکر بی آر ایس قائدین نے شمولیت کا فیصلہ کیا۔ 500 سے زائد بی آر ایس کے مقامی قائدین اور کارکنوں کے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ صدر پردیش کانگریس نے انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ رکن اسمبلی یشسنوی ریڈی نے کہا کہ ترقیاتی فلاحی اسکیمات سے متاثر ہوکر بی آر ایس قائدین نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پالاکرتی اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے نتیجہ میں تمام طبقات کو فائدہ ہوا ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کے ساتھ پارٹی میں انصاف کا بھروسہ دلایا۔ ڈاکٹر سومیشور راؤ ضلع بی آر ایس قائد کے علاوہ سابق سرپنچوں ، سابق ایم پی ٹی سی اور بی آر ایس مہیلا قائدین نے شمولیت اختیار کی۔ تقریباً 22 بی آر ایس قائدین کے استعفیٰ سے پالاکرتی اسمبلی حلقہ میں بی آر ایس کو دھکا لگا ہے۔ 1