پالتو جانوروں کو منفرد شناختی کارڈس ، آن لائن لائسنس کی اجرائی

   

Ferty9 Clinic


50 روپئے فیس مقرر ، متعدد کتوں کا رجسٹریشن ، چیف وٹرنری آفیسر محمد وکیل

حیدرآباد۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پالتو جانوروں کے لئے بھی شہر حیدرآباد میں منفرد شناختی نمبر جاری کئے جائیں گے۔ مرکزی حکومت نے جس طرح سے شہریوں کیلئے منفرد شناختی کارڈ ’آدھار‘ جاری کئے ہیں اسی طرز پر جی ایچ ایم سی نے شہر میں پالتوجانوروں کے لئے بھی منفرد شناختی کارڈ نمبر کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان جانوروں کی شناخت اور ان کی عمر کے علاوہ انہیں ٹیکہ اندازی کی تفصیلات کا ریکارڈ رکھا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سابق میں پالتو کتوں کیلئے ٹوکن جاری کیا جاتا تھا اور ا س کی اجرائی کے لئے کتے کی مکمل جانچ کے ساتھ اسے ٹیکہ دینے کے علاوہ مالکین کے دستخط حاصل کئے جاتے تھے لیکن اب جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق بلدی عہدیداروں کی جانب سے اس عمل کو مکمل آن لائن کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور کسی بھی پالتو جانور کے منفرد شناختی نمبر کے ساتھ ان کی تفصیلات آن لائن رکھے جانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اپنے پالتو جانور کیلئے شناختی کارڈ اور ان کا منفرد نمبر حاصل کرنے والوں کو لازمی ہوگا کہ وہ اپنے جانور کی تمام تفصیلات کے ساتھ دو پڑوسیوں کی جانب سے حاصل کئے جانے والے این او سی پیش کرنے ہوں گے۔ شناختی کارڈ پر جانوروں کی پیدائش کے علاوہ اس کی نسل ‘ مالک کا پتہ ‘ وارڈ نمبر‘ سرکل نمبر اور دیگر تفصیلات کے ساتھ تصویر بھی ہوگی۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ تمام تفصیلات کے آن لائن اندراج کے بعد اندرون ایک یوم جانور کو پالتو جانور رکھنے کا لائسنس جاری کردیا جائے گا۔چیف ویٹرنری آفیسر جناب محمد وکیل نے بتایا کہ پالتو جانور کے لائسنس یا منفرد شناختی نمبر کی اجرائی کیلئے 50 روپئے وصول کئے جائیں گے اور جن کے پاس پہلے سے ٹوکن ہیں اور وہ اپنے لائسنس کی تجدید کروانا چاہتے ہیں انہیں بھی یہ فیس 50 روپئے کی ادائیگی لازمی ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر حیدرآباد میں یہ خدمات گذشتہ ماہ شروع کی گئی تھیں اور اب تک 76 لائسنس آن لائن جاری کئے جاچکے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ آن لائن درخواستوں کی وصولی کے عمل کے آغاز کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو جملہ 101 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں 76 منفرد نمبرات کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے اور جی ایچ ایم سی کو توقع ہے کہ ہر سال کی طرح جاریہ سال کے دوران بھی شہر حیدرآباد میں 7تا8ہزار پالتو جانوروں کے لائسنس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور اس مرتبہ خصوصیت یہ ہوگی کہ ان لائسنس کے ساتھ پالتو جانور کے منفرد شناختی نمبرات بھی جاری کردیئے جائیں گے۔