پالمور آبپاشی پراجکٹ کواندرون تین سال مکمل کرلیا جائیگا

   

وعدہ کی عدم تکمیل پر انتخابات میں ووٹ نہیں مانگیں گے، ضلع پریشد جنرل باڈی اجلاس سے سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر۔/26 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو اندرون 3 سال مکمل کرلیا جائے گا۔ ان عزائم کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں منعقدہ آخری جنرل باڈی میٹنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پراجکٹ سے اندرون 3 سال پانی سربراہ نہ کرسکے تووہ آئندہ انتخابات میں ووٹ نہیں مانگیں گے ۔ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد زرعی اراضی کے ساتھ ساتھ تالابوں اور کنٹوں کو بھی پانی فراہم کیا جائے گا۔ مستقبل میں کرشنا بیسل میں پانی کی کمی کی صورت میں گوداوری سے پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ علاوہ ازیں اودنڈا پور ذخیرہ آب میں یہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت چیرمین ضلع پریشد بنڈاری بھاسکر نے کی ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ زیڈ پی ٹی سیز کو فنڈز کی اجرائی کیلئے وزیر اعلیٰ کے سی آر اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ نئے زیڈ پی ٹی سیز اراکین کوذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں مکتھل، نارائن پیٹ کے زیڈ پی ٹی سیز سری ہری اور مانیماں نے کہا کہ ان کے حلقوں میں ڈبل بیڈ رومس کا کام نہیں ہورہا ہے اور نہ غریبوں کو زمینات دیئے جارہے ہیں۔ لیکن ٹی آر ایس پارٹی کو دفتر کی تعمیر کیلئے تو قیمتی اراضی ہاتھ لگ گئی ہے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ جنرل باڈی کے آخری اجلاس میں بھی تنقید نامناسب ہے۔ سری ہری نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 5 برسوں میں صرف وعدے جاری رہے اور مسائل جوں کے توں ہیں ۔ زیڈ پی ٹی سیز کو بجٹ تک مختص نہیں کیا گیا جس پر ان کے اور ریاستی وزیر کے درمیان بحث ہوئی۔ وزیر نے کہا کہ بڑی آواز میں بات کرنے سے مسئلہ نہیں سلجھتا۔ حکومت مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ کچھ دیر دونوں میں گرما گرم بحث جاری رہی۔ مانیماں نے سری ہری کا ساتھ دیا۔ اجلاس میں ضلع کلکٹر رونالڈروز، تمام 14 اسمبلی حلقہ جات ایم ایل سیز ، ٹرینی کلکٹر کرانتی، ڈپٹی سی او پدمجا و دیگر موجود تھے۔