حیدرآباد/13 اگسٹ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کو ماحولیاتی منظوری پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہوں سے زیر التوا پراجکٹ کی تکمیل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ کے کاموں کی تکمیل پر ماحولیاتی منظوری باعث مسرت ہے اور جلد دوسرے مرحلہ کے کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی منظوری سے کاموں کی رفتار تیز ہوگی اور رنگاریڈی اور سابقہ محبوب نگر اضلاع میں12.30 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا جاسکیگا۔ چیف منسٹر نے ماحولیاتی منظوری کو تلنگانہ کی تاریخی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل میں حکومت کی سنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے۔ چیف منسٹر نے محکمہ آبپاشی انجینئرنگ عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد عوام دریائے کرشنا کے پانی سے استفادہ کرپائیں گے۔