چیف منسٹر کے سی آر جلسہ عام سے خطاب کریں گے، سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 16 ستمبر کو پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ویٹ رن کا آغاز کریں گے جس کے تحت پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ کا آغاز ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل پر سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں 16 ستمبر کو پانی کی منتقلی کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نارلا پور انفوٹیک کے قریب سوئچ آن کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ بھاری پمپس کے ساتھ دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد پراجکٹ ہوگا۔ 2 کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع نارلا پور ذخیرہ آب میں پانی منتقل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کرشنا ندی میں خصوصی پوجا کے بعد پانی کے بہاؤ کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر محبوب نگر ضلع میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پالمور رنگاریڈی اضلاع میں ہر گاؤں سے بڑی تعداد میں عوام جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ متحدہ محبوب نگر اور رنگاریڈی اضلاع کے ہر گاؤں میں سرپنچوں اور عوام کی جانب سے خصوصی پوجا کا اہتمام کیا جائے گا۔ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کے کاموں میں رکاوٹوں کے خاتمہ پر چیف منسٹر نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ جنوبی تلنگانہ کیلئے یہ تہوار کے دن کی طرح ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کی کامیاب تکمیل کے جذبہ کے تحت پالمور رنگاریڈی پراجکٹ مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے مقصد سے حکومت پیش رفت کررہی ہے۔ اجلاس میں محبوب نگر اور رنگاریڈی اضلاع کے ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی، ایس نرنجن ریڈی، وی سرینواس گوڑ، ستیہ وتی راٹھور، ارکان پارلیمنٹ رنجیت ریڈی، پی راملو، ایم سرینواس ریڈی، ارکان کونسل وانی دیوی، مدھوسدن چاری، ڈی سرینواس، کے نارائن ریڈی، ڈی گپتا، ارکان اسمبلی ابراہم، انجیا، ایم آنند، سریندر ریڈی، لکشما ریڈی، جئے پال یادو، ہرش وردھن ریڈی، پرکاش ریڈی، ایم کشن ریڈی، راجندر ریڈی، ایم جناردھن ریڈی، اے وینکٹیشور ریڈی، جیون ریڈی، کے مہیش ریڈی، رام موہن ریڈی، جی بالراج، کے یادیا، چیف منسٹر کے مشیر سومیش کمار، چیف سکریٹری شانتی کماری، ٹرانسکو اور جینکو کے منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔