پالمور یونیورسٹی محبوب نگر کا آج تیسرا کانوکیشن

   

گورنر سندرا راجن صدارت کریں گی ، اسناد اور 60 گولڈ میڈلس تقسیم کئے جائیں گے

محبوب نگر۔ 23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رجسٹرار پالمور یونیورسٹی محبوب نگر کی اطلاع کے بموجب پالمور یونیورسٹی محبوب نگر کا تیسرا کانوکیشن جلسہ 24 نومبر 2022ء دوپہر 2 بجکر 50 منٹ تا 4 بجکر 10 منٹ کیمپس کے احاطہ میں یونیورسٹی لائبریری آڈیٹوریم محبوب نگر منعقد ہوگا۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سندراجن صدارت کریں گی۔ معروف ماہر تعلیم پروفیسر بی جے راؤ وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد کانوکیشن خطبہ دیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ پالمور یونیورسٹی کا پہلا کانوکیشن 29 نومبر 2014ء کو ہوا تھا جس میں پروفیسر اے این رائے ڈائریکٹر NAAC بنگلور مہمان خصوصی تھے۔ اس افتتاح کانوکیشن میں 7,636 انڈر گریجویٹ اسناد اور 60 گولڈ میڈلس عطا کئے گئے تھے۔ یونیورسٹی کا دوسرا کانوکیشن 6 مارچ 2019ء کو ہوا تھا جس میں پروفیسر ایس بی تھیگا راجن، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف مدراس مہمان خصوصی تھے۔ اس کانوکیشن میں منجملہ 14,675 انڈر گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ اور 115 گولڈ میڈلس عطا کئے گئے تھے۔ حالیہ عرصہ میں پالمور یونیورسٹی غیرمعمولی ترقی کی راہ پر ہے۔ NAAC کی جانب سے یونیورسٹی کو مسلمہ قرار دیا گیا اور دوسری مرتبہ NAAC سے ریایکسرڈیشن حاصل کرنے کیلئے تیار ہے۔ جلسہ کانوکیشن منظم انداز میں منعقد کیا جاتا ہے۔ تفصیلی طور پر کانوکیشن کا طریقہ کار یونیورسٹی کے ویب سائٹ www.palamuruuniversity.ac.in پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ کانوکیشن کیلئے ڈریس کوڈ ہے۔ کانوکیشن جلسہ گاہ کی جانب سے معزز ارکان بشمول چانسلر، وائس چانسلر ، مہمان خصوصی ارکان عاملہ، ڈینس اور رجسٹرار کا جلوس برآمد ہوگا۔ کانوکیشن میں داخلہ بذریعہ دعوت نامہ ہوگا۔ داخلہ کی عام اجازت نہیں ہوگی۔ گریجویٹ اسٹوڈنٹس بشمول یونیورسٹی ٹاپرس ، گولڈ میڈلسٹ جنہوں نے کانوکیشن کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ داخلہ پاسیس جاری کئے جائیں گے اور صرف ایسے ہی طلباء کو اسناد اور گولڈ میڈلس کانوکیشن جلسہ میں عطا کئے جائیں گے۔ کانوکیشن کے دوران 6 پی ایچ ڈی، 2,932 پی جی اور 30,645 ، انڈر گریجویٹ طلباء کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی۔ کانوکیشن کے انتظامات کیلئے تدریسی و غیرتدریسی عملہ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ یونیورسٹی کی تزئین نو کی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی کانوکیشن کے انعقاد کیلئے بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔