پالمور یونیورسٹی کا 16 اکٹوبر کو چوتھا کانوکیشن

   

گورنر جیشنو دیو ورما صدارت کریں گے ، خصوصی انتظامات، وائس چانسلر کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔14 اکتوبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پالمور یونیورسٹی کا چوتھا کانووکیشن 16 اکتوبر 2025 کو صبح 11 بجے سے دوپہر 12:30بجے تک یونیورسٹی کے لائبریری آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ اس تقریب کی صدارت گورنر اور پالمور یونیورسٹی کے چانسلر جناب جیشنو دیو ورما کریں گے، جبکہ ممتاز صنعت کار مانے ستیہ نارائن ریڈی کانووکیشن سے خطاب کریں گے۔ یہ بات آج پالمور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جی این سرینواس نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن 29 نومبر 2014 کو منعقد ہوا تھا۔ اس افتتاحی کانووکیشن میں 56 گولڈ میڈلز اور 7,636 انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں عطا کی گئیں تھیں۔ یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن 6 مارچ 2019 کو منعقد ہوا۔ کُل 14,675 انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں اور 115 گولڈ میڈلز عطا کیے گئے۔ یونیورسٹی کا تیسرا کانووکیشن 24 نومبر 2022 کو منعقد ہوا۔ مجموعی طور پر 6 پی ایچ ڈی ڈگریاں (کیمسٹری میں 3، انگلش میں 2 اور مائیکرو بائیولوجی میں 1) کے علاوہ 33,577 انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں عطا کی گئیں اور 71 گولڈ میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ چوتھا کانووکیشن یونیورسٹی کی ترقی میں ایک اور سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ پالمور یونیورسٹی نے این اے اے سی ایکریڈیشن کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ تقریب کی تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ (www.palamuruuniversity.ac.in) پر دستیاب ہیں ۔اس کانووکیشن میں 12 پی ایچ ڈی ڈگریاں (کیمسٹری میں 5، مائیکرو بائیولوجی میں 5، بزنس مینجمنٹ میں 1 اور کامرس میں 1) کے علاوہ 83 گولڈ میڈلز، 2,809 پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں، 8,291 پروفیشنل کورسز کی ڈگریاں اور 18,666 انڈرگریجویٹ ڈگریاں عطا کی جائیں گی۔ یہ تقریب یونیورسٹی کے لائبریری آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ یونیورسٹی فارمیسی کالج کے آڈیٹوریم میں طلبہ، والدین، پرنسپلز اور کالجز کے انتظامی اراکین کے لیے تقریب کو براہ راست دیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں پروفیسر رمیش بابو، رجسٹرار، ڈاکٹر پریوینا، کنٹرولر آف ایگزامینیشنز موجود تھے۔