اسمبلی میں قرار داد منظور ۔ مباحث میں حصہ نہ لینے پر کے سی آر اور بی آر ایس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت نے آج اسمبلی میں ایک اہم قرار داد منظور کرتے ہوئے مرکز سے مطالبہ کیا کہ پالمور ۔ رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے ضروری منظوری دی جائے اور ساتھ ہی گوداوری کے پانی کی منتقلی کیلئے آندھرا پردیش کو کسی قسم کی اجازت نہ دی جائے ۔ ہفتہ کی رات تقریباً 10 بجے تک اسمبلی میں دریائے کرشنا کے پانی کے مسئلہ پر بحث ہوئی ۔ ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے اسمبلی میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ منصوبوں اور آبی حقائق پیش کئے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں ہوئی غلطیوں کو پیش کیا ۔ تلنگانہ سے پانی کیلئے جو نا انصافی ہوئی اس کیلئے بی آر ایس حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت ایوان میں قائد اپوزیشن کے چندر شیکھر راؤ کی تجاویز سننا چاہتی تھی تاہم کے سی آر بی آر ایس ارکان اسمبلی نے مباحث میں حصہ نہ لیتے ہوئے یہ واضح کردیا کہ تلنگانہ کے آبی مفادات سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس میں چمڑی اُدھیڑ دینے کی دھمکی دی تھی پانی سے نا انصافی پر تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کے سی آر کو اسمبلی پہونچکر صحت مندانہ مشورے دینے کی اپیل کی تھی ۔ مگر انہوں نے ہمیشہ کی طرح اسمبلی کی کارروائی سے فرار اختیار کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آج کی مباحث میں کے سی آر حصہ لیتے تو یہ طئے کیا جاسکتا تھا کہ حقیقت کیا ہے اور غدار کون ہے ۔ لیکن بی آر ایس نے اسمبلی کا بائیکاٹ کرکے اس موقع کو ضائع کردیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی کا بائیکاٹ کرکے بی آر ایس کو کیا فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی عوامی مسائل اُٹھانے کا سب سے بڑا جمہوری پلیٹ فارم ہے ۔ اگر قائد اپوزیشن اسمبلی پہونچکر بات نہیں کرتے ہیں تو یہ براہ راست عوام کے ساتھ نا انصافی ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کے سی آر گذشتہ دو برسوں سے اسمبلی نہیں آئے اور نہ کسی مباحث میں حصہ لیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جو قائد حکومت گرانے کے دعوے کرتے رہے وہ ایوان میں آئے بغیر کہاں غائب ہوگئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ پانی کے مسئلہ پر ہرگز تلنگانہ سے کسی نا انصافی کو برداشت نہیں کریں گے ۔ تلنگانہ حکومت کی مرکز سے نمائندگی اور پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کو دھمکی کی وجہ سے پڑوسی ریاست نے بنکاچرلہ پراجکٹ کی تعمیر کو روک دیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پانی کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ پالمور ، رنگاریڈی پراجکٹ کے بشمول تمام اہم آبپاشی منصوبوں کیلئے مرکز سے منظوری حاصل کی جائے گی ۔ 2
