حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے پالناڈو ضلع کے وجئے پلی گورنمنٹ جونیر کالج میں ریگنگ کا معاملہ سامنے آیا جس میں دو طلبہ پر ان کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر حملہ کرتے ہوئے انھیں زخمی کردیا جس کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقہ میں غصہ کا ماحول پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پانچ طلبہ نے ایک طالب علم کو نشانہ بناتے ہوئے اُسے جبراً بی سی ہاسٹل لے گئے اور وہاں اپنے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد طالب علم کو دھمکی دی کہ اگر اس واقعہ کی اطلاع کسی کو بھی دی گئی تو اسے برقی شاک دے کر ہلاک کرنے کی دھمکی۔ متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ اس واقعہ کے دوران ایک اور شخص بھی ان کے ساتھ موجود تھا جو نہ تو کالج اور نہ ہی ہاسٹل سے اس کا تعلق ہے۔ متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ اس پر حملہ منصوبہ بند طریقہ سے کیا گیا۔ طلباء کو زخمی حالت میں دواخانہ منتقل کردیا گیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔ والدین کا کہنا ہے کہ کالج میں ریگنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل بھی واقعات پیش آچکے ہیں۔ کالج انتظامیہ اور پولیس کی سخت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس کو اس سلسلہ میں سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ (ش)