کان پکڑ کر مراٹھی میں معافی منگوائی‘مہاراشٹرا میں زبان پر ہنگامہ جاری
ممبئی ۔13؍جولائی ( ایجنسیز)مہاراشٹرا کے پالگھر ضلع کے ورار میں کل ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کی پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیو سینا (یو بی ٹی) اور مہاراشٹرا نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے کارکنان آٹو ڈرائیور کو مراٹھی زبان اور مہاراشٹرا کے خلاف مبینہ طور پر ’قابل اعتراض‘ تبصرہ کرنے کے الزام میں سرعام پیٹ دیا۔ وائرل ویڈیو میں آٹو ڈرائیور کہہ رہا ہے، ہندی اور بھوجپوری میں ہی بولوں گا، کیا کرو گے۔ مراٹھی نہیں بولتا ہوں۔ اس کے بعد شیو سینا کارکنان نے آٹو ڈرائیور کو پکڑا اور کان پکڑ کر مراٹھی میں ہاتھ جوڑ کر معافی منگوائی اور اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ ویڈیو میں ڈرائیور ہاتھ جوڑ کر کہتا ہے کہ غلطی ہو گئی ہے، اب مراٹھی میں بولوں گا۔ اس دوران اسے کئی تھپڑ مارے گئے۔ ساتھ ہی چھترپتی شیواجی مہاراج کے ’جئے کارے‘ بھی اس سے لگوائے گئے۔وائرل ویڈیو کے مطابق یہ واقعہ ورار ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک مصروف ترین سڑک پر پیش آیا۔ بتایا گیا کہ ڈرائیور جو دوسری ریاست کا شہری تھا اس نے مراٹھی زبان، مہاراشٹرا ریاست اور مراٹھی آئیکانس کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔