حیدرآباد۔/26 فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم کے پالیروذخیرہ آب میں مچھلیاں پکڑنے کے دوران ایک مچھیرے کے جال میں ایک بڑی مگرمچھ پھنس گئی ۔ جس پر ذخیرہ آب کے پاس مچھلیاں پکڑنے والے تقریباً 1200 افراد میں ڈر و خوف کا ماحول پایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع سریا پیٹ موتھے منڈل کے نرسمہا پورم موضع سے تعلق رکھنے والا مچھیرا جی وینکنا نے پالیرو ذخیرہ آب کے پاس مچھلیاں پکڑنے کیلئے اپنا جال پانی میںڈالا اور جب پانی سے جال ( جالہ ) نکال رہا تھا کہ وینکنا کو جالہ میں بڑی مگر مچھ پھنسی ہوئی دکھائی دی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب مچھیرا وینکنا پالیرو ذخیرہ آب میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا تب اس کے جال میں ایک بڑی مگر مچھ پھنس گئی۔ مچھیروں کے مطابق جال میں پھنسی ہوئی مگر مچھ زائد از 70 کیلو وزنی تھی۔ مگر مچھ کے جال میں پھنسنے کے پیش آئے واقعہ کی مچھیروں نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو فوری اطلاع دی۔ جس پر محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے مقام واقعہ پر پہنچ کر مگر مچھ کو حاصل کرلیا اور دوبارہ اس مگر مچھ کو فاریسٹ عہدیدار ذخیرہ آب میں چھوڑنے کی کوشش کررہے تھے کہ مچھیروں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مخالفت کی اور ذخیرہ آب میں نہ چھوڑنے کی خواہش کی لیکن اس کے باوجود محکمہ جنگلات کے عہدیدار مگرمچھ کو اسی ذخیرہ آب میں چھوڑنے کی کوشش کے دوران مچھیروں اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے مابین بحث و تکرار اور شدید برہمی کا واقعہ پیش آیا اور مچھیروں نے مگر مچھ کو دوبارہ ذخیرہ آب میں چھوڑنے سے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو باز رکھنے کی ممکن کوشش کی۔
