نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب۔تقریب میں کابینی وزراء، ایم پیز اور بیرونی سفیروں کی شرکت
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھا۔ مودی نے اس تاریخی موقع پر منعقدہ تقریب میں بھومی پوجن کے بعد 1:11 بجے دن نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی کابینہ کے متعدد سینئر ارکان اور ایم پیز اور مختلف ممالک کے سفیروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے اور یہ سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب ہندوستانی افکار کے ساتھ نئی پارلیمنٹ تعمیر ہونے جا رہی ہے، ہم سب ملک کے باشندگان اسے تعمیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک جب 75 واں یوم آزادی منائے گا تو یہ عمارت ہماری حوصلہ افزائی کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پالیسی میں فرق ہو سکتا ہے، سیاست میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم عوام کی خدمت کے لئے ہیں۔ اس آخری ہدف میں کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہئے۔ بحث ومباحثہ پارلیمنٹ کے اندر ہو یا پارلیمنٹ کے باہر، قوم کی خدمت کا عزم، قومی مفاد کے تئیں خودسپردگی مسلسل نظر آنی چاہئے۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام 2022ء تک مکمل ہونا ہے۔ ملک کی آزادی کے 75 ویں سال میں نئی عمارت میں اجلاس شروع ہوگا۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت جدید ٹکنالوجی سے آراستہ ہوگی۔ اس میں حفاظت کے لئے جدید ترین آلات ہوں گے۔ نیز ، مستقبل کے مدنظر لوک سبھا اور راجیہ سبھا چیمبروں میں ارکان کے لئے نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔نئی عمارت کا رقبہ 64,500 مربع میٹر ہوگا۔ اِس میں وسیع و عریض کانسٹیٹیوشن ہال ہوگا جس کے ذریعہ ہندوستان کی جمہوری ثقافت کو پیش کیا جائے گا۔ ایم پیز کیلئے لاؤنج کے علاوہ ایک لائبریری، کئی کمیٹی رومس، ڈائننگ کے لئے کشادہ جگہ اور پارکنگ کے لئے معقول جگہ دستیاب رہے گی۔ نئی عمارت میں 888 ارکان کے لئے نشستوں کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔ راجیہ سبھا کیلئے 384 نشستیں مختص ہوں گی۔ لوک سبھا میں نشستوں کی گنجائش مشترکہ اجلاسوں کے دوران 1,224 تک بڑھائی جاسکے گی۔ یہ گنجائش دونوں ایوان کے ارکان کی تعداد میں مستقبل میں ممکنہ اضافہ کو ذہن نشین رکھ کر کیا گیا ہے۔ موجودہ طور پر لوک سبھا کی منظورہ عددی طاقت 543 اور راجیہ سبھا کی 245 ہے۔ٹاٹا پراجکٹس نے گزشتہ سال سپٹمبر میں نئی پارلیمنٹ بلڈنگ کی تعمیر کیلئے کامیابی بولی لگائی تھی۔ نئی عمارت سنٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے تحت موجودہ پارلیمنٹ کے قریب تعمیر کی جائے گی۔نئی عمارت کے 12 گیٹس ہوں گے۔