پالی سیٹ 2021 ء کے نتائج جاری، 81.75 فیصد امیدوار کوالیفائیڈ

   

حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) اسٹیٹ بورڈ آف ٹکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کی جانب سے تلنگانہ اسٹیٹ پالی ٹیکنک کامن انٹرنس ٹسٹ (پالی سیٹ) 2021 ء کے نتائج جاری کئے گئے۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل نے نتائج جاری کئے۔ انٹرنس امتحان کے لئے 102496 امیدواروں نے اپنے نام درج رجسٹر کرائے تھے جن میں سے 92557 نے امتحان میں شرکت کی ۔ ایم پی سی زمرہ میں 75666 امیدوار کوالیفائیڈ قرار پائے ہیں جوکہ مجموعی طور پر 81.75 فیصد ہوتے ہیں۔ BiPC زمرہ میں 70736 امیدوار کوالیفائیڈ ہوئے جوکہ 76.42 فیصد ہیں۔ بورڈ کی جانب سے دونوں زمرہ جات میں ٹاپ 15 امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ۔ نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمن مجتبیٰ ہاشمی نے ایم پی سی زمرہ میں ریاست میں پہلا رینک حاصل کیا۔ انہوں نے 120 نشانات میں سے 118 نشانات حاصل کئے ۔ BiPC زمرہ میں سدی پیٹ ضلع کی کلاکنٹلا رشیکا نے 117 نشانات حاصل کرتے ہوئے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ پالی سیٹ میں حاصل کردہ مجموعی نشانات کی بنیاد پر رینک الاٹ کئے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے رینکس کا ویب سائیٹس ، polycetts.nic.in ، www.sbtet.telangana.gov.in اور www.dtets.cgg.gov.in پر مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ پالی سیٹ کا رینک انجنیئرنگ ، ٹکنالوجی اور نان انجنیئرنگ ڈپلوما کورسس میں داخلے کیلئے اہلیت کا حامل ہے۔ سرکاری امدادی اور غیر امدادی پالی ٹیکنک اداروں میں امیدوار داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ پالی سیٹ کے نشانات کی بنیاد پر تلنگانہ اگریکلچر یونیورسٹی کے ڈپلوما پروگراموں اور پی وی نرسمہا راؤ ویٹرنری یونیورسٹی کے ڈپلوما پروگرامس ان اینمل ہسبنڈری اینڈ فشریز میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ دونوں یونیورسٹیز داخلوں کے سلسلہ میں علحدہ نوٹیفکیشن جاری کریں گی۔ جاریہ سال پالی سیٹ کا رینک راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالیج ٹکنالوجیز کے 6 سالہ بی ٹیک انڈر گریجویٹ پروگرام میں داخلے کا اہل رہے گا۔ یونیورسٹی داخلوں کیلئے علحدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی ۔ نوین متل نے بتایا کہ ریاست کے 411 مراکز پر پالی سیٹ منعقد کیا گیا تھا ۔ پالی سیٹ کی داخلوں کیلئے کونسلنگ کا 5 اگست کو آغاز ہوگا۔ 5 تا 9 اگست رجسٹریشن اور سلاٹ بکنگ کی سہولت رہے گی۔ 6 تا 10 اگست سرٹیفکٹ ویریفکیشن کیا جائے گا ۔ 6 تا 12 اگست ویب آپشنس الاٹ کئے جائیں گے۔ 14 اگست کو پہلے مرحلہ کی نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ 23 اگست سے آخری مرحلہ کی کونسلنگ کا آغاز ہوگا۔ 24 اگست کو آخری مرحلہ کے امیدواروں کے اسنادات کی جانچ ہوگی۔ 27 اگست تک نشستوں کا الاٹمنٹ مکمل کرلیا جائے گا اور یکم ستمبر سے پالی ٹیکنک نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا۔ 9 ستمبر کو مخلوعہ نشستوں پر اسپاٹ ایڈمیشن کیلئے گائیڈ لائینس جاری کی جائیں گی۔ ایم پی سی زمرہ میں سکندرآباد کے پی سائی اسریت نے دوسرا جبکہ ایل سائی وگنیش (سکندرآباد) نے تیسرا رینک حاصل کیا۔ BiPc زمرہ کی منچریال کی ایس اندو پریہ کو دوسرا اور سدی پیٹ کے رمنی مادھو کو تیسرا رینک حاصل ہوا۔