حیدرآباد ۔ 11جون ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے پالی ٹیکنک کالجوں میں داخلوں کیلئے ٹی ایس پالی سیٹ 2019ء کے اہل امیدواروں کی کونسلنگ کے مرحلہ کا اختتام عمل میں آیا اور اس کونسلنگ کے ذریعہ پالی ٹیکنک کالجوں میں داخلوں کے عمل کا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔ اس طرح داخلہ کونسلنگ کا مرحلہ ختم ہونے کے بعد ریاست تلنگانہ کے پالی ٹیکنک کالجوں میں تعلیمی سال 2019-20ء سے متعلق جملہ 8450 نشستیں مخلوعہ پائی جاتی ہے ۔ ٹی ایس پالی سیٹ 2019ء کنوینرکے قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ کے پالی ٹیکنک کالجوں میں پائے جانے والے مختلف ڈپلوما کورسیس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور اس کونسلنگ کا گذشتہ دن اختتام عمل میں آیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ پالی سیٹ 2019ء کونسلنگ کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے جملہ پالی ٹیکنک کالجوں ( گورنمنٹ و پرائیوٹ ) میں 26513 طلباء و طالبات کو باقاعدہ طور پر مختلف ڈپلوما کورسیس میں داخلے حاصل ہوئے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے جملہ 145 گورنمنٹ و پرائیوٹ گورنمنٹ پالی ٹیکنکس میں جملہ 34,963 نشستیں دستیاب تھیں لیکن اس پہلے مرحلہ کی کونسلنگ میں جملہ 26,513 نشستیں امیدواروں کے ذریعہ پُر کی جاسکیں ۔ اسی دوران کنوینر ٹی ایس پالی سیٹ 2019 مسٹر نوین متل نے بتایا کہ کونسلنگ کا اختتام ہونے پر فی الوقت ریاست کے پالی ٹیکنک کالجوں میں 26,518 نشستیں مخلوعہ ہیں ۔
