دیگر 20 ملزمین اور 23 پولیس اہلکاروں کو کورنٹائن میں رکھا گیا
پال گھر۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع پال گھر میں موضع گڈچنچالے کے قریب بشمول 2 ہندو سادھو 3 افراد کی ہجومی تشدد میں وحشیانہ ہلاکتوں کے ضمن میں پولیس نے تاحال بشمول 9 نابالغ ملزمین 115 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں ایک شخص کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ وہ ہنوز پولیس لاک اَپ میں موجود ہے۔ ڈسٹرکٹ سیول سرجن ڈاکٹر کنچن وانیرے نے کہا کہ ملزم جمعہ کی شب پازیٹیو پایا گیا جس کو ضلع کے واڈا لاک اپ میں دیگر 20 افراد کے ساتھ رکھا گیا تھا اور اب وہ پال گھر گورنمنٹ ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔ ڈاکٹر کنچن نے مزید کہا کہ ’’اس کے ساتھ موجود دیگر 20 ملزمین کے علاوہ 23 پولیس عہدیداروں کا کورنٹائن میں رکھا گیا ہے جو کورونا پازیٹیو کے رابطے میں آئے تھے۔ محکمہ صحت اب یہ پتہ چلانے کی کوشش کررہا ہے کہ ملزم آیا کس طرح اس وباء سے متاثر ہوا تھا‘۔ ذرائع کے مطابق 18 اپریل کو تمام ملزمین کے معائنے کروائے گئے تھے اور تمام کی رپورٹس منفی آئی تھیں۔ دوسرا ٹسٹ جمعہ کو کیا گیا اور رات دیر گئے نتیجہ آیا جس میں ایک ملزم کووڈ۔19 پازیٹیو پایا گیا۔ اس کو دیگر ملزمین کے ساتھ 30 اپریل کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
