پال گھر ہجومی تشدد کیس : سپریم کورٹ میں مہاراشٹرا حکومت کی رپورٹ داخل

   

ممبئی: مہاراشٹرا حکومت نے پال گھر ہجومی تشدد واقعہ کے سلسلہ میں موقف رپورٹ کو سپریم کورٹ میں داخل کردیا ہے۔ حکومت کاکہنا ہیکہ اس نے 15 پولیس ملازمین کو جرمانے کے طور پر تنخواہ میں کٹوتی کرتے ہوئے سزاء دی ہے اور دو ملازمین کو لازمی ریٹائرمنٹ پر بھیج دیا ہے۔ محکمہ انکوائری نے پولیس ملازمین کے خلاف احکامات جاری کئے تھے جن کے تعلق سے کہا گیا تھا کہ ان ملازمین نے بادی النظر میں اس واقعہ سے نمٹنے میں اپنے فرائض کی ادائیگی میں لاپرواہی برتی تھی۔ پولیس ملازمین جرم کے واقع کو رونما ہونے سے روک سکتے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس ملازمین کے خلاف تمام تحقیقات پوری کرلی گئی ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کون کون ریجن کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے اس نوٹس کا جواب دیا تھا۔ 31 اگست کو انسپکٹر جنرل پولیس نے احکامات جاری کرتے ہوئے لاپرواہ پولیس ملازمین پر جرمانے عائد کئے تھے۔ اس رپورٹ کے مطابق آنند راؤ شیواجی کالج اور رویندر دیناکر سالونکھے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر س کو خدمات سے برطرف کردیا گیا ہے۔