نئی دہلی۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) نے انگلینڈ اورویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے کہا ہے کہ جاری سیریز کے پانچویں اورآخری ٹسٹ کو دوبارہ شیڈول کیا جائے کیونکہ تازہ ترین کورونا معاملے کے بعدہندوستانی کھلاڑیوں نے اسے کھیلنے میں ہچکچاہٹ محسوس کی ہے جس کے بعد اسے منسوخ کردیا گیاہے۔ہندوستان چار ٹسٹ میچوں کے بعد سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔بی سی سی آئی اور ای سی بی کے درمیان مضبوط تعلقات کی مناسبت سے بی سی سی آئی نے ای سی بی کو منسوخ شدہ ٹسٹ میچ کے ری شیڈول کی پیشکش کی ہے۔ دونوں بورڈز اس ٹسٹ میچ کو دوبارہ شیڈول کرنے کے لیے ایک وقت تلاش کرنے کیلئے کام کریں گے۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ منسوخ شدہ ٹسٹ کو دوبارہ منعقد کرنے کیلئے کوشاں ہے۔بی سی سی آئی نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ مل کر کورونا کے تازہ معاملے کے بعد مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں شیڈول پانچواں ٹسٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔