واشنگٹن: ٹائٹینک جہاز کے ملبے کو دکھانے کے لیے غوطہ لگانے والی ٹائٹن آبدوز کے پھٹنے اور اس پر سوار سبھی پانچ افراد کے ہلاک ہو جانے کے باوجود اسے چلانے والی کمپنی اوشین گیٹ نے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے۔ اس لرزہ خیز واقعے کے تقریباً 10 دن بعد جس نے دنیا بھر کی توجہ مبذول کروائی، اوشین گیٹ کمپنی اب بھی اپنی ویب سائٹ پر ٹائٹینک جہاز کا ملبہ دکھانے کے لیے دوروں کا اشتہار دے رہی ہے۔ برطانوی آن لائن اخبار ‘انڈیپنڈنٹ’ کی ایک خبر کے مطابق اگلے سال ٹائیٹینک کے ملبے تک جانے کے لیے 2 دوروں کا اشتہار ابھی تک کمپنی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
اوشین گیٹ کی ویب سائٹ کے مطابق، گہرے سمندر کی تلاش کرنے والی کمپنی اگلے سال 12 سے 20 جون اور 21 جون سے 29 جون تک، 250,000 ڈالر کی لاگت سے ٹائیٹینک کے دو دوروں کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس کرایے میں ایک آبدوز غوطہ خوری، نجی رہائش، تمام ضروری تربیت، مہم کا سامان اور جہاز کے کھانے کی قیمت شامل ہے۔ کمپنی نے کہا کہ پہلے دن مسافر اپنی مہم کی ٹیم سے ملنے اور جہاز پر سوار ہونے کے لیے سمندر کے کنارے واقع شہر سینٹ جانز پہنچیں گے۔ یہ آپ کو ار ایم ایس ٹائیٹنک کے ملبے تک لے جائے گا۔ جب ہم ملبے کے مقام تک پہنچنے کے لیے 400 ناٹیکل میل کا سفر شروع کرتے ہیں، تو آپ کو کام کرنے والے جہاز پر روزمرہ کی زندگی کا ایک جائزہ ملے گا۔