پانچ اہم مسائل پر مرکزی سطح کا سیاسی قائدین پر مشتمل اجلاس

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر بھی مدعو ، مرکزی وزیر پارلیمانی امور کا مکتوب
حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) ملک میں یکساں انتخابات‘ ملک کی آزادی کے 75برس کی تکمیل پر نئے بھارت کی تعمیر ‘ گاندھی جی کی 150ویں یوم پیدائش تقاریب کے انعقاد ‘ پارلیمنٹ کے وقار کو بلند کرنے کے اقدامات اور پسماندہ اضلاع کی ترقی کے سلسلہ میں جاریہ ماہ کی 19تاریخ کو دہلی میں پارلیمنٹ میں نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوگا۔مرکزی وزیر پارلیمانی امور نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو موصولہ مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ 19 جون کو منعقد ہونے والے اس اجلاس کے دوران مذکورہ 5موضوعات پر تبادلہ ٔ خیال کیلئے پارلیمنٹ میں نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈران اور پارٹی سربراہان کو مدعو کیا جا رہاہے اس اجلاس میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سربراہ اور ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی لیڈر کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس اجلاس میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے پارلیمانی پارٹی قائد کو روانہ کیا جائے گا کیونکہ اب تک چیف منسٹر کی شرکت کے سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 21جون کو کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب کے سلسلہ میں مصروف ہونے کے سبب دہلی میں منعقد ہونے والے اس اہم ترین اجلاس میں شرکت سے قاصر رہنے کے امکان ظاہر کئے جا رہے ہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ انتہائی اہم اور حساس موضوعات پر تبادلہ خیال کے لئے طلب کئے جانے والے اس اجلاس میںشرکت کیلئے وہ دہلی کا ہنگامی دورہ بھی کرسکتے ہیں۔