دبئی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کا نگران بین الاقوامی ادارہ آئی سی سی عنقریب اس بات پر بحث کرنے والا ہے کہ آیا ٹسٹ میچز کی مدت میں کمی کر دی جائے۔ چند ممالک اس کے حق میں ہیں تو چند اس کے خلاف ہیں۔ شائقین اس بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) عنقریب اس بارے میں غور کرنے والی ہے کہ آیا تمام ٹسٹ میچوں کو پانچ دن کے بجائے چار دن کا کر دیا جائے۔ 2017ء میں آئی سی سی نے چار دن پر محیط ٹسٹ میچوں کی منظوری دے دی تھی اور پھر جنوبی افریقہ نے زمبابوے کے خلاف اور انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف ایسے آزمائشی میچ کھیلے بھی۔ تاہم اب اس بارے میں فیصلہ کیا جانا ہے کہ دنیا بھر میں کھیلے جانے والے تمام ٹسٹ میچوں میں فیصلے تک پہنچنے کے لیے مقررہ مدت پانچ روز سے کم کر کے چار زور کر دی جائے۔دراصل اس صورتحال کے پیچھے دو مرکزی وجوہات کارفرما ہیں۔ ایک تو ان دنوں بین الاقوامی کرکٹ کا انتہائی مصروف شیڈول، جس سے اسپانسر اور اشتہاری کمپنیاں تو ضرور بھاری بھرکم منافع کماتی ہیں لیکن کھلاڑیوں کی جسمانی و نفسیاتی صحت کے لیے یہ شیڈول کافی پریشان کن ثابت ہو رہا ہے۔ دوسرا یہ کہ ’ٹی ٹوئنٹی‘ جیسے کم دورانیے کے نئے فارمیٹ بڑی تیزی سے نہ صرف شائقین بلکہ اسپانسرز میں بھی مقبول ہو رہے ہیں۔بھارتی کرکٹر وراٹ کوہلی ٹسٹ میچر کی مدت میں کمی کے بالکل حامی نہیں۔