حیدرآباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند نے مغربی بنگال، آسام، ٹاملناڈو، کیرالا اور پوڈی ڈچیری کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ اسمبلی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو مسترد کرتے ہوئے مسائل کی بنیاد پر ووٹ کا استعمال کریں۔ جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر اور جناب ایس امین الحسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے تناظر میں رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ رائے دہی میں حصہ لیں۔ ووٹ ہر شخص کا دستوری حق ہے اس کے علاوہ ایک اخلاقی فریضہ بھی ہے۔ رائے دہندگان کو روزگار، تعلیم، صحت اور سماجی انصاف جیسے مسائل کی بنیاد پر فیصلہ کرنا چاہئے۔ فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے قائدین نے کہا کہ فرقہ پرستی ملک کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ دولت، طاقت اور نفرت انگیز بیانات سے گریز کریں اور انتخابی مہم کو عوامی فلاح پر مرکوز رکھیں۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ شفاف اور آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنائے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کرے۔ جناب امین الحسن نے ایف سی آر اے میں مجوزہ ترامیم پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلیاں انتظامیہ کو غیر معمولی اختیارات فراہم کرتی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی مالی امداد سے قائم کردہ اداروں جیسے اسکول، ہاسپٹل اور فلاحی تنظیموں کے اثاثہ جات پر کنٹرول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر واضح نگرانی کے اختیارات کے نتیجہ میں سیول سوسائٹی کو مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ 1 ؍ F ؍M