نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آسام، کیرالہ، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور پڈوچیری میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اور چھ ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے 1,111 مرکزی مبصرین تعینات کیے ہیں، تاکہ آزادانہ اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ منگل کو جاری کردہ ایک سرکاری پریس نوٹ کے مطابق، یہ مبصرین، جن میں جنرل، پولیس اور اخراجات سے متعلق افسران شامل ہیں، انتخابی عمل کے دوران کمیشن کے “آنکھ اور کان” کے طور پر کام کریں گے ۔ یہ تعیناتی تشدد اورکسی لالچ سے پاک ماحول میں انتخابات کرانے پر کمیشن کے زور کے عین مطابق ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اس سے قبل انتخابی شیڈول کے اعلان کے وقت اس مقصد پر روشنی ڈالی تھی۔ انہوں نے زمینی سطح پر سخت نگرانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات اس طریقے سے منعقد کیے جانے چاہئیں کہ ہر ووٹر بغیر کسی خوف یا طرفداری کے اپنا ووٹ ڈال سکے۔