کانگریس اور بی جے پی کے درمیان چیلنج بھرا مرحلہ، اسمبلی انتخابات سیمی فائنل
حیدرآباد۔27۔ستمبر۔(سیاست نیوز) ملک میں ہونے والے 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ان ریاستوں کے اسمبلی انتخابات نہیں ہوں گے بلکہ 2024 عام انتخابات کے نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ ریاست تلنگانہ کے ساتھ ملک کی 4 ریاستوں مدھیہ پردیش‘ راجستھان‘ چھتیس گڑھ اور میزورم کے اسمبلی انتخابات کے نتائج آئندہ عام انتخابات میں پر اثرانداز ہوں گے اسی لئے ملک بھر میں عوام کی جو رائے تیار ہو رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ان ریاستوں کے انتخابات ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے لئے چیالنج بنتے جا رہے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی ان ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کو آئندہ عام انتخابات کے لئے سیمی فائنل کے طور پر دیکھنے لگی ہے ۔مدھیہ پردیش میں مرکزی وزراء و ارکان پارلیمان کو میدان میں اتارے جانے کے بعد کہا جار ہاہے کہ بی جے پی آئندہ 5ریاستی اسمبلی انتخابات میں طاقتور امیدواروں کے ذریعہ کانگریس کی شکست کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ مدھیہ پردیش میں کانگریس کو شکست سے دوچار کرنے کے لئے مرکز نے جو حکمت عملی اختیار کی ہے اسی طرز کی حکمت عملی راجستھان میں اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ راجستھان میں ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی ووٹ کی تقسیم کا بھی منصوبہ تیار کیا جا رہاہے اسی طرح تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی مخالف حکومت ووٹوں کی تقسیم کی حکمت عملی کی تیاری کے ساتھ ساتھ ریاست میں بی جے پی کو طاقتور ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ چھتیس گڑھ میں بھی کامیابی کے حصول کے لئے علحدہ منصوبہ تیار کیا جانے لگا ہے۔ سیاسی ماہرین کا کہناہے کہ قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ’انڈیا‘ کی تشکیل کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی انتخابی حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے سرکردہ قائدین کو اسمبلی انتخابات میں اتارنے کا فیصلہ کرنے لگی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 2014 اور 2019 میں جس طرح کے حالات پیدا کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے ماحول سازی کی تھی اس طرح کا ماحول 2024 میں بنائے جانے کا امکان نہیں ہے کیونکہ 2019 عام انتخابات سے قبل پلوامہ حملہ کے علاوہ ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کے ذریعہ جو حالات بنائے گئے تھے ان حربوں کا اب دوبارہ استعمال کیا جانا ممکن نہیں ہے اسی لئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے 5 ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بہر صورت کانگریس اور اتحادی سیاسی جماعتوں کو کمزور ثابت کرنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ عام انتخابات سے قبل منعقد ہونے والے ان ریاستی اسمبلی کے انتخابات اپوزیشن اتحاد کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہوچکے ہیں۔