پانچ سالہ مغویہ لڑکی برآمد۔ پانچ افراد بشمول میاں بیوی گرفتار : ڈی سی پی

   

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) چندرائن گٹہ سے اغوا کی گئی 5 سالہ لڑکی کو پولیس نے برآمد کرلیا اور 5 افراد بشمول تین خواتین کو گرفتار کرلیا اور بچوں کے اغواء اور فروخت کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا۔ پریس کانفرنس میں ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ زون مسٹر پاٹل کانتی لعل سبھاش نے بتایا کہ 20 اپریل کو شکایت پر فوری کارروائی کی گئی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے بعد خصوصی ٹیموں کے ذریعہ 5 افراد 51 سالہ جاوید پاشاہ ساکن سلیم نگر، 40سالہ شائستہ پروین ساکن شریف نگر، 40 سالہ پروین بانو اپل، 50 سالہ جے سنیتا کماری ساکن اپل اور 39 سالہ کے راجندر پرساد ساکن قطب اللہ پور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ایک ایکٹیوا ، ایک آٹو، 5 موبائیل فون، ایک آلٹو کار اور 76 ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ جاوید پاشاہ اور شائستہ پروین میاں بیوی ہیں۔ دونوں نے لڑکی کا اغواء کیا اور ایک لاکھ تین ہزار روپئے میں بچی کو پروین بانو کو فروخت کردیا۔ پروین نے اس لڑکی کو سنیتا کماری اور راجندر پرساد کے حوالے کردیا۔ سنیتا ایک فرسٹ ایڈ کلینک چلاتی ہے جبکہ پرساد فرٹیلیٹی سنٹر کا ایجنٹ ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سنیتا اور راجندر پرساد سابق میں ایسے معاملات میں ملوث ہیں ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس معاملہ میں پولیس کو بڑے ریاکٹ کا شبہ ہے اور ان کی گرفتاریوں کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں انہوں نے بچی کو والدین کے حوالے کردیا۔ اس موقع پر اے سی پی منوج کمار اور دیگر موجود تھے۔ع