پانچ سال بعد ٹی 20 کے ورلڈ کپ میں اس بار نیا کیا ہوگا؟

   

ساتویں ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز آج اتوار کو عمان کے الامارات سٹیڈیم سے ہونے جا رہا ہے۔کورونا کی ہی وجہ سے انڈین کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات اور عمان میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ورلڈ ٹی 20 کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی بار ’ڈی آر ایس‘ استعمال کیا جائے گا یعنی ٹیموں کو امپائر کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔ ٹیموں کو پاس ہر اننگز میں دو اپیلوں کا حق موجود ہوگا تاہم اپیل کامیاب ہونے کی صورت میں اپیل کا موقع ضائع نہیں ہوگا۔ اسی طرح انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئنگ کنڈیشنز میں ترمیم کرتے ہوئے سیمی فائنل اور فائنل کے لیے متبادل دن بھی مقرر کیا ہے، موسم یا کسی اور وجہ سے متبادل دن کا کھیل بھی نا مکمل ہونے کی صورت میں سیمی فائنل کا فاتح سپر 12 راؤنڈ میں پوائنٹس ٹیبل کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا جبکہ فائنل میں متبادل دن پر بھی کھیل نامکمل ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔ اس ایونٹ میں میچ برابر ہونے کی صورت میں سپر اوورز کا موقع دیا جائے گا تاہم سپر اوور میں بھی میچ برابر ہونے کی صورت میں اس وقت تک سپر اوورز کا مقابلہ ہوگا جب تک میچ میں واضح فاتح سامنے نہ آجائے جبکہ اس سے قبل سپر اوورز برابر ہونے کی صورت میں زیادہ چھکے اور چوکے لگانے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جاتا تھا۔ گروپ اسٹیج میں اگر بارش یا کسی اور وجہ سے میچ کا دورانیہ کم ہوتا ہے تو ایسی صورت میں میچ کو مکمل ہونے کے لیے پانچ اوورز کی اننگز کا کھیل لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ سیمی فائنل اور فائنل میں کم از کم 10 اوورز کی اننگز کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹی 20 کے اس میگا ایونٹ میں 14 اوورز کا کھیل مکمل ہونے پر پانی کے وقفے کی بھی اجازت دی گئی ہے جس کا دورانیہ ڈھائی منٹ کا ہوگا۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے کوچز اور سپورٹ سٹاف کو میدان میں آکر کھلاڑیوں سے مشورے کی بھی اجازت ہوگی۔ تاہم 14 اوورز سے کم محدود اوورز کے میچز میں پانی کا وقفہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ورلڈ ٹی 20 میں 16 ٹیمیں شریک ہیں لیکن ماضی کی طرح چار گروپس بنانے کے بجائے ان 16 ٹیموں کو دو راؤنڈز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کی رینکنگز کے مطابق پہلی آٹھ ٹیمیں دوسرے راؤنڈ یعنی سپر 12 تک رسائی حاصل کر چکی ہیں جبکہ بقیہ چار ٹیموں کا فیصلہ پہلے راؤنڈ کھیلنے والی آٹھ ٹیموں میں سے ہوگا۔پاکستان ورلڈ ٹی 20 میں اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے ساتھ دبئی سپورٹس سٹی میں کھیلے گا۔