بال آدھار کیلئے بچوں کے آنکھوں کی پتلیوں اور انگلی کے نشانات کا اسکیان نہیں ہوگا
حیدرآباد : اب آپ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کیلئے بلو آدھار کارڈ (آسمانی رنگ کا آدھار کارڈ) حاصل کرسکتے ہیں۔ یونیک اڈنٹیفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا
(UIDAI)
نے اس بات کا اعلان کیا ہے اور بتایا کہ پانچ سال سے کم عمر کے بچے چائلڈ آدھار کارڈ حاصل کرنے کے اہل ہیں اور یہ کارڈ آسمانی رنگ کا ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق اس کارڈ کو بال آدھار یعنی بچوں کے آدھار کارڈ کا نام دیا گیا ہے۔ بچوں کی عمر جب پانچ سال سے زیادہ ہوجائے تو یہ آسمانی رنگ کے آدھار کارڈ کی قدر خود بخود ختم ہوجائیں گی اور انہیں نیا کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔ اکثر لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوالات پائے جاتے ہیں کہ بال آدھار کیلئے کیسے درخواست دی جائے۔ اس کا طریقہ کار کیا ہے۔ ایسے میں ہم آپ کی رہنمائی کرتے ہیں۔ پہلے آدھار مرکز پر اندراج کیا جائے اور درخواست فارم پُر کریں۔ وہاں ان کے بچے کیلئے لائف سرٹیفکیٹ دیا جائے گا اور پھر اسی مرکز پر بچے کی تصویرکشی کی جائے گی۔ چائلڈ آدھار کارڈ ماں باپ دونوں میں سے کسی ایک کے آدھار کارڈ سے مربوط ہوگا۔ اس کے لئے آپ اپنا موبائیل نمبر داخل کریں۔ تصدیق اور رجسٹریشن کے بعد آپ کے موبائیل نمبر پر ایک پیام وصول ہوگا جس میں تصدیق کی جائے گی اور بال آدھار اندرون 60 یوم والدین کے اندراج شدہ پتہ پر وصول ہوجائے گا۔ ایک اہم بات یہ ہیکہ بال آدھار کارڈ کیلئے آنکھوں کی پتلیوں یا انگلی کے نشانات کا اسکیان نہیں کیا جائے گا۔ بچے کے پانچ سال مکمل کرنے کے بعد ایک عام آدھار کارڈ جاری کیا جائے گا جس کیلئے بائیومیٹرک کی تفصیلات درکار ہوتی ہیں۔