نئی دہلی : حکومت نے پانچ سال کے دوران 200 سے زائد خانگی ٹی وی چیانلوں کے لائسنس منسوخ کئے اور رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی 128 معاملوں میں وارننگ جاری کی گئی۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ موجودہ طور پر 916 پرائیوٹ سیٹلائٹ ٹی وی چیانلس ہیں جنھیں حکومت کی جانب سے اَپ لنکنگ اور ڈاؤن لنکنگ گائیڈ لائنس 2011 ء کے تحت پرمیشن عطا کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کئی چیانلس رہنمایانہ خطوط کی تعمیل میں ناکام رہے اور گزشتہ 5 سال کے دوران ایسے چیانلوں کا ٹرانسمیشن بند ہوگیا۔ اس کی کئی وجوہات رہی ہیں قطعی تعداد دیکھیں تو 204 چیانلوں کا آپریشن ختم ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت متعلقہ قانون کے تحت پروگرام کوڈ کی خلاف ورزی پر خانگی چیانلوں کیخلاف کارروائی کرتی ہے۔