انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی ، مرکزی وزیر پنکج چودھری
حیدرآباد۔20اپریل(سیاست نیوز) ملک میں اقتدار کے حصول کے لئے کالا دھن واپس لانے کے دعوے کرنے والے کامیاب ہوئے یا نہیں یہ سب پر واضح ہے لیکن گذشتہ 5برسوں کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 76ہزار 877 کروڑ کی جائیدادوں کو قرق کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور مجموعی اعتبار سے 2016تا2021کے دوران کی گئی کاروائیوں کے دوران جن میں لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران کی گئی کاروائیاں بھی شامل ہیں 76ہزار877 کروڑ کے اثاثہ جات قرق کئے گئے ہیں۔ سال 2022کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کی گئی کاروائی کے دوران 426.26 کروڑ کے اثاثہ جات منی لانڈرنگ کے مقدمات میں قرق کئے گئے ہیں جبکہ بیرونی زر مبادلہ میں بے قاعدگیوں کے معاملہ میں 427.65 کروڑ کے اثاثوں کی قرقی عمل میں لائی گئی ہے۔ گذشتہ 5برسوں کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 2044 مقامات پرمنی لانڈرنگ کے معاملہ میں شکایات موصول ہونے پر دھاوے کرتے ہوئے کاروائی کی گئی ہے جبکہ بیرونی زر مبادلہ کی بے قاعدگیوں کے معاملہ میں697 مقامات پر کاروائی کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر مسٹر پنکج چودھری مرکزی مملکتی وزیر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سال 2015تا2018کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے قرق کئے گئے اثاثہ جات کی مالیت مجموعی اعتبار سے 33ہزار کروڑ تھی۔ ذرائع کے مطابق قرق کی گئی جائیدادوں کی فروخت کے سلسلہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عہدیدارو ںکی جانب سے عاجلانہ قانونی کاروائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ سال کے وسط تک بیشتر قرق جائیدادوں کو عوامی ہراج کے ذریعہ فروخت کرنے کے اقدامات یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔م