پانچ سو غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کا منصوبہ ، نوٹس کی اجرائی

   

ڈی پی ایم سی نظام متعارف کرنے کی تجویز ، بلڈرس اور بدعنوان عہدیداروں کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔16اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میں گذشتہ 4ماہ کے دوران 500 غیر مجاز تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے اور ا ن میں بیشتر تعمیرات کو نوٹس جاری کردی گئی ہیں لیکن اب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آن لائن نوٹس کی اجرائی کو ممکن بنانے اور نوٹس کے سلسلہ میں عوام کو واقف کروانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں تاکہ عہدیداروں اور عوام کو یہ معلوم ہو کہ جی ایچ ایم سی نے کن غیر مجاز اور غیر قانونی تعمیرات کو نوٹس جاری کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ نوٹس کی اجرائی کے باوجود جاری غیر مجاز اور غیر قانونی تعمیرات کو نہ روکے جانے کے اسباب کا جائزہ لینے کے بعد جی ایچ ایم سی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اب تمام غیر مجاز تعمیرات کے انہدام کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن نوٹس جاری کی جائے تاکہ ان نوٹسوں کی اجرائی کے بعد غیر مجاز تعمیرات انجام دینے والے بلڈرس اور بد عنوانیوں میں ملوث عہدیدارو ںکے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے ڈی پی ایم سی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بلڈرس نوٹس موصول نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے عدالت سے رجوع نہ ہوسکیں کیونکہ اکثر بلڈرس کی جانب سے حاصل کی گئی اجازت کے باوجود غیر مجاز تعمیرات انجام دیئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں سینکڑوں نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں

لیکن جی ایچ ایم سی کے ملازمین کی ملی بھگت کے سبب ہی بلڈرس ان غیر مجاز تعمیرات کو منہدم نہ کرنے کے احکامات حاصل کرنے میں کامیاب ہونے لگے ہیں اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اب ان بلڈرس کے خلاف جو کہ شہر حیدرآباد میں غیر مجاز تعمیرات میں ملوث ہیں اور ان عہدیداروں کے خلاف جو ان بلڈرس کی مدد کر رہے ہیں کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف سٹی پلانر نے بتایا کہ شہر میں اجازت ناموں کے حصول کے بعد منظورہ پلان سے زائد تعمیرات کے رجحان کو سختی سے ختم کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاریہ ماہ کے اواخر میں ڈی پی ایم ایس متعارف کرواتے ہوئے بلڈرس اور عمارتوں کو جاری کردہ نوٹس کی مکمل تفصیلات آن لائن کردی جائیں گی تاکہ ان غیر مجاز عمارتو ںکی فروخت کو مکمل طور پر روکا جاسکے اور عوام کو اس بات سے واقف کروایا جاسکے کہ وہ جن عمارتو ںمیں جائیداد خرید رہے ہیں وہ غیر مجاز ہے اور کسی بھی وقت جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان عمارتوں کو منہدم کرنے کی کاروائی کی جاسکتی ہے۔عہدیداروں کے مطابق بلڈرس رہائشی عمارتو ںکی تعمیرمکمل کرنے کے بعد معصوم شہریوں کو فلیٹس فروخت کرتے ہوئے ہٹ جاتے ہیں اور معصوم شہری اس جال میں پھنستے جا رہے ہیں اسی لئے جی ایچ ایم سی نے عوامی نوٹس جاری کرنے اور آن لائن نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر مجاز اور غیر قانونی عمارتوں کی تفصیلات کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں جاری غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جاریہ ماہ کے اواخر میں بڑے پیمانے پر کاروائی کی جائے گی اور جو عہدیدار ان غیر مجاز تعمیرات کے معاملات میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔ٖ