پانچ میونسپلٹیز اور دو کارپوریشنوں کے انتخابات کی تیاریاں

   

حکومت کو الیکشن کمیشن کا مکتوب، وارڈس کی از سر نو حدبندی کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریاست کے دو میونسپل کارپوریشنوں اور پانچ میونسپلٹیز کے انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مذکورہ کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کے وارڈس کی از سر نو حدبندی کا کام جلد مکمل کرنے کی خواہش کی ہے ۔ گریٹر ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ اچم پیٹ میونسپلٹی کی میعاد 14 مارچ کو ختم ہورہی ہے جبکہ سدی پیٹ میونسپلٹی کی میعاد 15 اپریل کو ختم ہوگی۔ نکریکل اور جڑچرلہ گرام پنچایتوں کی میعاد 15 ڈسمبر کو ختم ہوچکی ہے جبکہ کتور گرام پنچایت کی میعاد اکتوبر میں ختم ہوگئی ۔ حکومت نے مذکورہ تینوں پنچایتوں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے میونسپلٹیز میں تبدیل کردیا ہے جہاں انتخابات ابھی باقی ہیں۔ الیکشن کمیشن 7 شہری بلدی اداروں کے انتخابات کا عمل شروع کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ 15 جنوری تک فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دی جائے گی ۔ ریاستی حکومت وارڈس کی از سر نو حد بندی کا کام اگر مقررہ مدت میں مقرر کرتی ہے تو الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں سہولت ہوگی۔ ڈسمبر 2019 ء میں 131 مجالس مقامی کے وارڈس کی حدبندی مکمل کرلی گئی تھی ۔ تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات سیاسی جماعتوں کیلئے اہمیت کے حامل ہوچکے ہیں، خاص طور پر گریٹر حیدرآباد میں بی جے پی کے بہتر مظاہرہ کے بعد ٹی آر ایس ، بی جے پی اور کانگریس نے مجالس مقامی پر توجہ مرکوز کرلی ہے۔