حیدرآباد 28جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں پانچ نئے پوسٹ گریجویٹ (پی جی) میڈیکل کالجس قائم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے ۔ نیشنل میڈیکل کونسل نے اب یوجی(ایم بی بی ایس) کورس کے بغیر بھی پی جی میڈیکل کالجس کے قیام کی اجازت دی ہے جس کے بعد حکومت نے کنگ کوٹھی، مریال گوڑہ، بھدراچلم، بانسواڑہ اور پداپلی میں سرکاری پی جی میڈیکل کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ متعلقہ علاقوں میں موجود 200 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتالوں کو تدریسی اسپتالوں میں تبدیل کیا جائیگا تاکہ ان میں پی جی کورسس کی تعلیم دی جا سکے ۔ چونکہ ایم بی بی ایس کے بعد پی جی کرنے والے ڈاکٹروں کی سرکاری اور خانگی اسپتالوں میں زیادہ مانگ رہتی ہے ، اس لیے ریاست میں پی جی تعلیم کیلئے طلبہ کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ریاست میں فی الحال 1:4 کے تناسب سے پی جی سیٹوں کی شدید قلت ہے ، جس پر میڈیکل طلبہ حکومت سے کئی دنوں سے سیٹوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ریاست کے دورے پر آئے این ایم سی چیئرمین کے سامنے بھی ریاست کے وزیر صحت نے یہ مسئلہ اٹھایا۔ پی جی سیٹوں میں اضافہ سے نہ صرف ریاست میں طبی تعلیم کو فروغ ملے گا بلکہ دور دراز علاقوں میں بھی بہتر طبی خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔2