پانچ کروڑ گھروں پر بی جے پی پرچم لہرانے کی مہم

   

نئی دہلی ۔12 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج اپنی پارٹی کی پرجوش مہم ’’میرا پریوار ، بھاجپا پریوار ‘‘ کی گجرات میں اپنی قیامگاہ پر پارٹی پرچم لہراتے ہوئے شروعات کی ۔ یہ مہم لوک سبھا چناؤ کے شیڈول کا اعلان کرنے سے قبل زائد از پانچ کروڑ گھروں کا احاطہ کرے گی ۔ یہ مہم 2 مارچ تک چلے گی اور زعفرانی پارٹی کا مقصد ہے کہ اس کا پارٹی پرچم ملک بھر میں اس کے کارکنوں اورحامیوں کے پانچ کروڑ مکانات پر نصب کئے جائیں۔ امیت شاہ نے مہم کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی پرچم ترقی کی علامت ، یقین اور قوم پرستی کا عکاس ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ مودی کے دور میں کس طرح خوشامدی ، ذات پات کی سیاست اور خاندانی حکمرانی ختم ہورہی ہے۔ بڑی تعداد میں پارٹی قائدین اور ورکرس اس مہم میں شامل ہوئے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر تصاویر کا تبادلہ کررہے ہیں۔